برطانیہ: 17 سالہ لڑکے کا قتل، 19 سالہ نوجوان کو عمر قید، ساتھی کو 16 سال سزا
تکبیر نیوز (جنوبی ویلز): برطانیہ کے علاقے جنوبی ویلز میں منشیات کی مبینہ ادھار رقم وصول کرنے کے دوران 17 سالہ لڑکے کو چاقو کے وار کرکے قتل کرنے والے 19 سالہ نوجوان کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی۔ مجرم کو کم از کم 20 سال اور 6 ماہ جیل میں گزارنا ہوں گے، جبکہ اس کے 25 سالہ ساتھی کو غیر ارادی قتل کا جرم ثابت ہونے پر 16 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
نیوٹ پورٹ کراؤن کورٹ میں بتایا گیا کہ پانچ فروری 2026 کو 19 سالہ جارجی میئرز اور 25 سالہ کونر پالفری کیرفلی کے مختلف علاقوں میں منشیات کی مبینہ واجب الادا رقم وصول کرنے کے بعد ایبرٹریڈور پہنچے تھے۔
دونوں افراد لوئر فرانسس اسٹریٹ پر واقع ایک مکان میں داخل ہوئے، جہاں 17 سالہ ٹرسٹن کیر موجود تھا۔ عدالت کے مطابق کونر پالفری کے ہاتھ میں لکڑی کا ایک ٹکڑا تھا، جبکہ جارجی میئرز چاقو لے کر اس کے پیچھے داخل ہوا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ دونوں نے ٹرسٹن پر حملہ کیا اور دو منٹ سے بھی کم وقت میں اسے شدید زخمی کردیا۔ نوجوان کسی طرح مکان سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا، تاہم کچھ فاصلے پر سڑک پر گر پڑا۔
اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں، لیکن شدید زخموں کے باعث 17 سالہ ٹرسٹن کیر جانبر نہ ہوسکا۔
قتل کے بعد دونوں ملزمان جنوبی ویلز سے فرار ہوگئے تھے، تاہم پولیس نے تحقیقات کے دوران ان کا سراغ لگا لیا اور ویسٹ مرسیا پولیس کے مسلح اہلکاروں نے انہیں ہیرفورڈ کے علاقے سے گرفتار کرلیا۔
نیوٹ پورٹ کراؤن کورٹ میں پانچ ہفتے تک جاری رہنے والے مقدمے کی سماعت کے بعد جیوری نے جارجی میئرز کو قتل عمد کا مجرم قرار دیا، جبکہ کونر پالفری کو قتل عمد کے الزام سے بری کرتے ہوئے غیر ارادی قتل کا مجرم پایا۔
مقدمے میں شامل ایک مرد اور ایک خاتون کو بھی قتل کے الزام سے بری کردیا گیا۔
بدھ 18 نومبر کو عدالت نے جارجی میئرز کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے حکم دیا کہ وہ کم از کم 20 سال اور 6 ماہ قید گزارنے کے بعد ہی مشروط رہائی کے لیے درخواست دینے کا اہل ہوگا۔ اس مدت کے بعد رہائی خودکار نہیں ہوگی۔
دوسرے مجرم کونر پالفری کو 16 سال قید کے ساتھ رہائی کے بعد مزید 6 سال کی نگرانی کی سزا سنائی گئی۔
قتل کی تحقیقات کی سربراہی کرنے والے ڈیٹیکٹو چیف انسپکٹر اسٹیون تھامس نے کہا کہ یہ مقدمہ منشیات کے کاروبار اور چاقو سے ہونے والے جرائم کے تباہ کن نتائج کی ایک اور مثال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرسٹن کی عمر محض 17 سال تھی اور اس کی پوری زندگی ابھی باقی تھی، لیکن چاقو کے ایک حملے نے اس کا مستقبل چھین لیا۔
مقتول کے اہل خانہ نے عدالتی فیصلے کے بعد جاری بیان میں اپنے بیٹے کو محبت کرنے والا اور خاندان کی خوشیوں کا مرکز قرار دیا۔
اہل خانہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی سزا ٹرسٹن کو واپس نہیں لاسکتی۔ ان کے لیے ہر سالگرہ، ہر کرسمس اور خاندان کا ہر خوشی کا موقع اس کی کمی کا احساس دلاتا رہے گا۔
خاندان نے کہا کہ وہ ٹرسٹن کی یادیں ہمیشہ اپنے دلوں میں زندہ رکھیں گے اور امید کرتے ہیں کہ ذمہ دار افراد کو دی گئی سزائیں کسی دوسرے خاندان کو ایسے ناقابلِ برداشت صدمے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
