تکبیر نیوز (ڈڈلی): ڈڈلی کے علاقے پینسنیٹ میں جرائم اور سماج دشمن سرگرمیوں کی مسلسل شکایات کا سبب بننے والے ایک گھر کو مزید کئی ماہ تک بند رکھنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے، پولیس اور ڈڈلی کونسل کی مشترکہ کارروائی کے بعد گھر کی بندش اب 11 نومبر تک برقرار رہے گی۔
روکری پارک روڈ پر واقع نجی ملکیتی گھر کے بارے میں مقامی رہائشیوں کی جانب سے طویل عرصے سے جرائم اور سماج دشمن سرگرمیوں کی شکایات موصول ہورہی تھیں۔ پولیس نے اس مکان کو علاقے میں جرائم کا ایک اہم مرکز قرار دیا تھا، جس کے بعد رواں سال مئی میں تین ماہ کے لیے گھر کو بند رکھنے کا عدالتی حکم حاصل کیا گیا تھا۔
اب اس حکم میں مزید توسیع کردی گئی ہے، جس کے تحت گھر میں رہنے والے شخص سمیت کسی بھی فرد کو مکان میں داخل ہونے یا وہاں موجود رہنے کی اجازت نہیں ہوگی، جب تک اس کے پاس داخل ہونے کی کوئی معقول قانونی وجہ نہ ہو۔
پولیس کے مطابق بندش کے حکم کی خلاف ورزی کرنا خود ایک جرم ہے اور حکم کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو جرمانہ، قید یا دونوں سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ اضافی حکم برئیرلی ہِل محلہ پولیس ٹیم اور ڈڈلی بورو کونسل کے درمیان مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں حاصل کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مکان پر دوبارہ ایسے افراد کی آمد کو روکنا ہے جو جرائم اور سماج دشمن سرگرمیوں کا سبب بن سکتے ہیں۔
برئیرلی ہِل کی سارجنٹ ربیکا لِلی نے کہا کہ کونسل کے ساتھ مل کر مزید بندش کا حکم حاصل کیا گیا ہے اور امید ہے کہ اس سے مقامی رہائشیوں کو یقین دہانی ہوگی کہ پولیس ان کی شکایات کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ بندش کا حکم نافذ ہونے کے بعد علاقے میں رپورٹ ہونے والے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے اور مقامی رہائشیوں کے لیے حالات میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، اسی لیے مکان پر پابندیاں برقرار رکھنا ضروری سمجھا گیا۔
سارجنٹ ربیکا لِلی نے کہا کہ اس مکان کے اندر اور اس کے اطراف ہونے والی مجرمانہ اور سماج دشمن سرگرمیوں سے مقامی لوگوں میں شدید تشویش اور پریشانی پیدا ہورہی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی شخص بندش کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مکان میں داخل ہوا تو پولیس اسے گرفتار کرے گی اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ڈڈلی بورو کونسل کے کابینہ رکن برائے ہاؤسنگ اینڈ ہوم لیسنس، کونسلر ایان بیون نے بھی عدالت کی جانب سے بندش کے حکم میں توسیع کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
ان کے مطابق مذکورہ مکان طویل عرصے سے قریبی رہائشیوں کے لیے مسلسل تشویش کا باعث بنا ہوا تھا، جبکہ وہاں موجود افراد کے مبینہ جرائم اور سماج دشمن رویے سے پورا علاقہ متاثر ہورہا تھا۔
کونسل کا کہنا ہے کہ پولیس اور کونسل کے درمیان مؤثر تعاون کے ذریعے مقامی لوگوں کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے رہائشیوں کے تحفظ اور علاقے میں معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کیے جارہے ہیں۔
حکام نے مقامی رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں جرائم اور سماج دشمن سرگرمیوں کی اطلاع پولیس اور متعلقہ اداروں کو دیتے رہیں، کیونکہ عوام کی فراہم کردہ معلومات ایسے مسائل کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
