تکبیر نیوز (برمنگھم): برمنگھم پولیس کے دو اہلکاروں نے چھٹیوں کے دوران اسپین کے شہر بارسلونا میں ایک بار سے لاپتا شخص کو اتفاقی طور پر پہچان کر بین الاقوامی تلاش ختم کرادی۔ 65 سالہ مائیکل ہیوٹ، جو ’لٹل مک‘ کے نام سے معروف ہیں، کو لیڈز یونائیٹڈ کی شرٹ سے پہچانا گیا، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر مقامی حکام سے رابطہ کیا۔
پی سی لیمب اور پی سی سومرز گزشتہ ماہ بارسلونا میں چھٹیوں پر تھے کہ ایک بار میں ان کی ملاقات مائیکل ہیوٹ سے ہوئی۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ ہیوٹ اور دونوں اہلکاروں میں سے ایک نے لیڈز یونائیٹڈ کی فٹبال شرٹ پہن رکھی تھی، جس پر بات چیت شروع ہوئی۔
ابتدائی طور پر یہ ایک عام اور دوستانہ گفتگو تھی، تاہم بعد میں دونوں اہلکاروں نے سوشل میڈیا پر لاپتا شخص کی تلاش سے متعلق اطلاعات دیکھیں تو انہیں احساس ہوا کہ بار میں جس شخص سے ان کی ملاقات ہوئی ہے، وہی مائیکل ہیوٹ ہوسکتا ہے۔
ہیوٹ کو اس وقت لاپتا قرار دیا گیا تھا جب ان کے اہل خانہ کا 21 جون کو ان سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ انہیں بارسلونا سے بوسٹن کے لیے پرواز کے ذریعے روانہ ہونا تھا، تاہم وہ اپنی منزل پر نہیں پہنچے، جس کے بعد اہل خانہ نے ان کی تلاش شروع کردی تھی۔
دونوں برمنگھم پولیس اہلکاروں نے معاملے کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے فوری طور پر مقامی حکام کو اطلاع دی اور اسپین کی پولیس کے ساتھ رابطہ کرکے انہیں دستیاب معلومات فراہم کیں۔
بعد میں معلوم ہوا کہ مائیکل ہیوٹ کو اپنی گمشدگی کے حوالے سے جاری تلاش کا علم ہی نہیں تھا۔ ان کا موبائل فون گم ہوگیا تھا، جس کے باعث وہ سوشل میڈیا پر اپنے بارے میں جاری تلاش کی اپیلیں بھی نہیں دیکھ سکے تھے۔
ہیوٹ کے اہل خانہ کو جب یہ اطلاع ملی کہ وہ محفوظ ہیں تو ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔ ان کے اہل خانہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ ’لٹل مک‘ بارسلونا میں محفوظ اور خیریت سے ہیں اور انہیں اس بات کا بالکل علم نہیں تھا کہ دنیا بھر میں ان کی تلاش جاری ہے۔
خاندان نے مائیکل کی بحفاظت موجودگی کی اطلاع ملنے پر ان کی تلاش میں مدد کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ایک سادہ مگر خوشگوار انجام کے خواہاں تھے اور بالآخر انہیں وہی ملا۔
برمنگھم پولیس کے چیف انسپکٹر شان کوریگن نے دونوں اہلکاروں کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ممکنہ طور پر کمزور شخص کی مدد کے لیے چھٹیوں کے دوران بھی فوری کارروائی کی اور مقامی حکام کو اطلاع دے کر بین الاقوامی تلاش ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
چیف انسپکٹر کے مطابق دونوں اہلکاروں نے اپنی چھٹی کے دوران بھی غیر معمولی فرض شناسی کا مظاہرہ کیا اور ان کی بروقت کارروائی سے ایک خاندان کو طویل انتظار اور پریشانی کے بعد اپنے پیارے کے محفوظ ہونے کی خوشخبری ملی۔
