رَمزگیٹ (برطانیہ): رَمزگیٹ ہاربر کے قریب چاقو حملے میں 52 سالہ شخص جاں بحق جبکہ ایک اور شخص زخمی ہوگیا، پولیس نے واقعے کے بعد 21 سالہ مقامی برطانوی نوجوان کو گرفتار کرلیا۔
کینٹ پولیس کے مطابق اتوار 23 اگست 2026 کو صبح تقریباً 4 بج کر 47 منٹ پر ہاربر کے علاقے میں ایک شخص کے پاس چاقو ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔
پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو دو افراد زخمی حالت میں ملے۔ ایک شخص ہاربر اسٹریٹ جبکہ دوسرا ہاربر پریڈ میں موجود تھا۔ دونوں کو چاقو کے وار سے ہونے والے زخموں کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ہاربر اسٹریٹ میں زخمی ہونے والے 52 سالہ شخص کو طبی امداد فراہم کی گئی تاہم وہ بعد میں دم توڑ گیا۔ متوفی کے اہل خانہ کو واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
دوسرے زخمی شخص کی عمر 48 سال بتائی گئی ہے، جسے علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔
واقعے کے کچھ ہی دیر بعد پولیس نے 21 سالہ مقامی برطانوی شخص کو گرفتار کرلیا، جو اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے سلسلے میں مزید کسی شخص کی تلاش نہیں کی جا رہی۔
واقعے کی وجوہات اور حالات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں جبکہ علاقے میں پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔
