تکبیر نیوز (اسلام آباد): اسلام آباد کے تھانہ لوہی بھیر کی حدود میں واقع میڈیا ٹاؤن کے ایک گھر سے چوکیدار کی گولی لگی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت گھر کے مالکان موجود نہیں تھے۔ جب چوکیدار سے متعدد بار رابطہ کیا گیا اور اس نے فون کالز کا جواب نہ دیا تو گھر کے مالکان نے پڑوسی سے گھر جا کر صورتحال معلوم کرنے کی درخواست کی۔
پڑوسی جب گھر پہنچا تو اس نے چوکیدار کو گولی لگی حالت میں مردہ پایا، جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ چوکیدار کو گولی مار کر قتل کیا گیا ہے، تاہم واقعے کی حتمی نوعیت اور محرکات کا تعین تفتیش مکمل ہونے اور فرانزک رپورٹ آنے کے بعد کیا جائے گا۔
پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے اور تاحال کسی گرفتاری یا مشتبہ شخص کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی معلومات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
