والنگفورڈ: برطانیہ کے علاقے والنگفورڈ، آکسفورڈ شائر سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ بین کلن (Ben Cullen) پر بچوں کی نازیبا تصاویر بنانے کے متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں، جبکہ وہ آج یکم جولائی کو ریڈنگ کراؤن کورٹ میں پیش ہوں گے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم پر 25 مارچ 2021 کو مبینہ طور پر بچوں کی نازیبا تصاویر تیار کرنے کے تین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
استغاثہ کے مطابق الزامات میں 22 کیٹیگری اے تصاویر (جن میں ایک ویڈیو بھی شامل ہے)، 36 کیٹیگری بی اور 20 کیٹیگری سی تصاویر شامل ہیں۔ برطانوی قانون کے تحت کیٹیگری اے کو بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق انتہائی سنگین درجہ بندی تصور کیا جاتا ہے۔
یہ الزامات پولیس تحقیقات کے بعد سامنے آئے، جبکہ مقدمہ اب عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔ عدالت کی جانب سے ابھی تک کسی جرم کا فیصلہ نہیں سنایا گیا۔
بین کلن کا نام Raise the Colours نامی گروپ سے بھی جوڑا جاتا رہا ہے، جو گزشتہ برس برطانیہ میں امیگریشن مخالف مظاہروں کے دوران پرچم آویزاں کرنے کی سرگرمیوں کی وجہ سے خبروں میں رہا تھا۔
تاہم گروپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ اسے ان الزامات کا پہلے سے علم نہیں تھا اور بین کلن ان کا باضابطہ نمائندہ یا رکن نہیں تھا۔ گروپ نے مزید کہا کہ وہ اس نوعیت کے الزامات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے، تاہم چونکہ معاملہ عدالت میں ہے، اس لیے مزید تبصرہ مناسب نہیں۔
دوسری جانب آکسفورڈ شائر کاؤنٹی کونسل نے حال ہی میں عوامی مقامات پر غیر مجاز پرچم لگانے کے خلاف ہائی کورٹ سے حکمِ امتناع بھی حاصل کیا ہے، جس میں بین کلن سمیت دیگر افراد کے نام شامل ہیں۔
