برمنگھم: برمنگھم سٹی سینٹر میں ایک خاندان کو ہراساں کیے جانے کے واقعے کے بعد پولیس نے مبینہ طور پر ملوث شخص کی شناخت کے لیے عوام سے مدد مانگ لی ہے۔
مغربی مڈلینڈز پولیس کے مطابق واقعہ 28 مارچ کو شام تقریباً 4 بج کر 40 منٹ پر اپر ڈین اسٹریٹ میں پیش آیا، جہاں ایک خاندان کو ہراساں کیے جانے کی اطلاع موصول ہوئی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم اب تک اہلکار مبینہ طور پر ملوث شخص کی شناخت نہیں کرسکے۔ پولیس نے اس شخص کی تصویر بھی جاری کردی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ عوام کی مدد سے اس تک پہنچنے میں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔
مغربی مڈلینڈز پولیس نے عوامی اپیل میں کہا ہے کہ وہ اس شخص سے بات کرنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ اپر ڈین اسٹریٹ میں خاندان کو ہراساں کیے جانے کے واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں، تاہم اب تک تفتیش کے دوران اس شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔
پولیس نے واقعے میں ملوث خاندان یا ہراسانی کی اصل نوعیت کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
حکام کے مطابق جو شخص بھی تصویر میں موجود فرد کو پہچانتا ہو یا واقعے کے بارے میں کوئی معلومات رکھتا ہو، وہ پولیس سے رابطہ کرے تاکہ تحقیقات کو آگے بڑھایا جاسکے۔
معلومات فراہم کرنے والے افراد مغربی مڈلینڈز پولیس سے براہِ راست رابطہ کرسکتے ہیں یا 101 پر اطلاع دے سکتے ہیں۔ پولیس نے معاملے کا حوالہ نمبر 20/195734/26 جاری کیا ہے۔
پولیس کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی شخص کے پاس واقعے سے متعلق کوئی معلومات موجود ہیں تو وہ اسے پولیس تک پہنچائے، تاکہ خاندان کو ہراساں کیے جانے کے معاملے کی مکمل صورتحال سامنے لائی جاسکے۔
