(تکبیر نیوز—- برطانیہ، ایسیکس)
برطانیہ کے علاقے ایسیکس میں واقع چیلمسفورڈ کے ایک مصروف عوامی پارک میں 21 سالہ نوجوان کے قتل کے بعد 14 سالہ لڑکے سمیت تین نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایسیکس پولیس کے مطابق جمعہ 12 جون کی شام تقریباً 7 بجے سینٹرل پارک میں ایک شخص پر حملے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ ہنگامی سروسز اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچیں جہاں 21 سالہ نوجوان شدید زخمی حالت میں ملا۔
طبی عملے نے متاثرہ شخص کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کے کچھ ہی دیر بعد پولیس نے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں 14، 17 اور 18 سالہ لڑکے شامل ہیں، جو تاحال پولیس حراست میں ہیں۔
تحقیقات کے دوران پولیس ایک رہائشی پتے تک بھی پہنچی جہاں تلاشی اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری ہے۔
ایسیکس پولیس کی تفتیشی افسر Lydia George نے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے جس نے ایک خاندان کو ناقابلِ تلافی صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقتول کے اہل خانہ کو واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور انہیں خصوصی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق تحقیقات میں اب تک نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور تین گرفتاریاں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ فی الحال اس واقعے کے سلسلے میں کسی اور شخص کی تلاش نہیں کی جا رہی اور عوام کے لیے کسی اضافی خطرے کی اطلاعات نہیں ہیں۔
تفتیشی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے واقعے کے وقت پارک یا اس کے اطراف کوئی مشکوک سرگرمی دیکھی ہو یا اس کے پاس ویڈیو، تصاویر یا کوئی اور معلومات موجود ہوں تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر معمولی نظر آنے والی معلومات بھی تحقیقات میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
