(تکبیر نیوز—- تھائی لینڈ، فوکٹ)
تھائی لینڈ میں دوستوں کے ساتھ چھٹیاں گزارنے جانے والا لیورپول کا 28 سالہ برطانوی نوجوان ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد اہل خانہ اور دوست غم میں ڈوب گئے ہیں۔
لیام اینلے رواں سال 28 جنوری کو تھائی لینڈ کے مشہور سیاحتی جزیرے فوکٹ میں موپیڈ پر سفر کر رہے تھے جب وہ اپنے دوستوں سے ملنے جا رہے تھے۔ اسی دوران ایک سڑک کنارے کھڑی گاڑی نے اچانک یو ٹرن لیا جس کے نتیجے میں شدید تصادم پیش آیا۔
لیورپول میں ہونے والی عدالتی سماعت میں بتایا گیا کہ گاڑی کا ڈرائیور لیام کے قریب آنے سے لاعلم تھا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار نہیں ہوا بلکہ امدادی ٹیموں کے پہنچنے تک زخمی نوجوان کے ساتھ موجود رہا۔
شدید زخمی حالت میں لیام کو فوری طور پر چالونگ اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹر اسے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور اسی روز اس کی موت واقع ہو گئی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ حادثے میں لیام کے سر، پسلیوں اور ٹانگوں سمیت جسم کے مختلف حصوں میں شدید فریکچر آئے تھے۔ طبی رپورٹ کے مطابق متعدد سنگین زخم ہی موت کی بنیادی وجہ بنے۔
علاقائی کورونر Helen Rimmer نے سماعت کے دوران کہا کہ لیام اینلے کی موت سڑک کے حادثے کے نتیجے میں ہوئی اور تمام شواہد اسی نتیجے کی تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
لیام، جو لیورپول کے جنوبی علاقے میں رہائش پذیر تھے اور ایک پروڈکشن لائن آپریٹر کے طور پر کام کرتے تھے، کو اہل خانہ نے ایک خوش مزاج اور محبت کرنے والے نوجوان کے طور پر یاد کیا۔
ان کی والدہ کرسٹینا نے جذباتی پیغام میں کہا کہ ان کے بیٹے کی موت نے ان کی زندگی بدل کر رکھ دی ہے اور ان کا دل ٹوٹ کر بکھر گیا ہے۔
مرحوم کے کزن جیسن ڈِنگ نے بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ لیام خاندان کا فخر تھے اور انہیں ہمیشہ محبت اور احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
