تکبیر نیوز (لندن): شمال مغربی لندن کے برینٹ کراس شاپنگ سینٹر میں کام کے دوران پیش آنے والے ایک سنگین الیکٹریکل حادثے میں زخمی ہونے والا شخص اسپتال میں دم توڑ گیا۔ متوفی کی عمر 40 سال سے زائد بتائی گئی ہے۔ واقعہ بدھ 18 نومبر کی صبح پیش آیا تھا، جبکہ اس کی موت جمعرات 19 نومبر کو ہوئی۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق بدھ کی صبح 5 بج کر 11 منٹ پر لندن ایمبولینس سروس کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ پرنس چارلس ڈرائیو، NW4 میں واقع شاپنگ سینٹر میں کام کے دوران ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ہے۔ پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو زخمی شخص کو طبی امداد دی جا رہی تھی، جس کے بعد اسے فوری طور پر بڑے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ طبی عملے کی کوششوں کے باوجود اس شخص کی جمعرات 19 نومبر کو اسپتال میں موت ہوگئی۔ متوفی کے قریبی اہلِ خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔
لندن ایمبولینس سروس کے مطابق انہیں بدھ کی صبح 5 بج کر 9 منٹ پر واقعے کی کال موصول ہوئی تھی۔ امدادی کارروائی کے لیے ایمبولینس عملہ، تیز رفتار رسپانس گاڑیوں میں پیرا میڈکس، ایک انسیڈنٹ رسپانس افسر اور ایڈوانسڈ پیرا میڈک روانہ کیے گئے۔ پہلا پیرا میڈک سات منٹ سے بھی کم وقت میں موقع پر پہنچ گیا تھا۔ زخمی شخص کو جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ترجیحی بنیادوں پر ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
واقعے کے بعد 18 نومبر کو برینٹ کراس شاپنگ سینٹر کو بند کر دیا گیا تھا۔ مقامی کونسلر الیکس پریگر نے بتایا تھا کہ یہ بندش بجلی سے متعلق ایک حفاظتی واقعے کے باعث ہوئی، تاہم اس کا تعلق سکیورٹی سے نہیں تھا اور عوام کو کسی وسیع تر خطرے کا سامنا نہیں تھا۔
میٹروپولیٹن پولیس نے موت کے حالات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ہیلتھ اینڈ سیفٹی ایگزیکٹو اور بارنیٹ کونسل کی ہیلتھ اینڈ انوائرنمنٹل سیفٹی ٹیم کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
