(تکبیر نیوز—- برطانیہ، ویلز)
ویلز میں ایک خاتون کی ہلاکت کے مقدمے میں عدالت نے یونیورسٹی کی ایک طالبہ کو لاپرواہ اور غیر محتاط ڈرائیونگ کے ذریعے موت کا سبب بننے کے الزام سے بری قرار دے دیا۔
کارڈف کراؤن کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران 22 سالہ میگن جونز نے جیوری کو بتایا کہ حادثے کے وقت وہ اپنے والد کے ساتھ گفتگو کر رہی تھیں، تاہم ان کی توجہ سڑک سے نہیں ہٹی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے متاثرہ خاتون کو دیکھا ہی نہیں تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ یہ حادثہ 15 ستمبر 2023 کی صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے برجینڈ کے علاقے بلیوارڈ ڈی ویلیناو ڈورنون میں پیش آیا۔ اس وقت میگن جونز اپنے والد کو ریلوے اسٹیشن چھوڑنے جا رہی تھیں۔
سماعت کے دوران بتایا گیا کہ میگن جونز ایک روز قبل ہی فلوریڈا میں تعطیلات گزار کر واپس آئی تھیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پرواز اور سفر کے دوران انہوں نے کافی آرام کیا تھا اور رات 9 بجے سونے کے بعد صبح تقریباً 5 بجے بیدار ہوئی تھیں۔
عدالت کے مطابق حادثے سے کچھ دیر قبل میگن جونز اور ان کے والد ایک پیٹرول اسٹیشن پر رکے تھے جہاں انہوں نے مشروبات اور ہلکی پھلکی اشیا خریدیں۔ بعد ازاں ریلوے اسٹیشن سے چند سو میٹر کے فاصلے پر ان کی گاڑی کی ٹکر جولیا پرچرڈ نامی خاتون سے ہوئی جو اپنے کتے کے ساتھ سڑک عبور کر رہی تھیں اور ان کے پاس ایک نیلے رنگ کی ٹرالی بھی موجود تھی۔
استغاثہ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی ایک چکر دار سڑک سے نکلنے کے بعد لین تبدیل کر رہی تھی۔ میگن جونز نے عدالت کو بتایا کہ سب کچھ چند سیکنڈ میں ہوا اور انہیں موقع پر یہ احساس تک نہیں ہوا کہ ان کی گاڑی کسی بالغ خاتون سے ٹکرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاتون کا قد چھوٹا تھا اور ان کے کپڑے گہرے رنگ کے تھے۔ ابتدائی طور پر انہیں لگا کہ شاید کوئی بچہ سڑک پر پڑا ہوا ہے۔
حادثے کے بعد جولیا پرچرڈ کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں متعدد سنگین زخموں کا علاج دیا گیا، تاہم چار روز بعد وہ جانبر نہ ہو سکیں اور ان کا انتقال ہو گیا۔
جیوری نے تقریباً 50 منٹ غور و خوض کے بعد میگن جونز کو لاپرواہ ڈرائیونگ کے ذریعے موت کا سبب بننے کے الزام سے بری قرار دے دیا۔ فیصلے کے بعد جج کرسٹوفر فیلسٹیڈ نے مقدمہ ختم کرتے ہوئے طالبہ کو آزاد کر دیا۔
فیصلہ سنائے جانے کے دوران میگن جونز عدالت میں جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہو گئیں
