بنوں میں مزنگہ پولیس چوکی پر رات گئے دہشتگردوں کے بڑے حملے کو پولیس نے بروقت اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنا دیا، جبکہ فجر تک جاری رہنے والے مقابلے میں دہشتگرد پسپا ہو گئے۔
Takbeer News کے مطابق رات تقریباً ڈیڑھ بجے دہشتگردوں کی بڑی تعداد نے چوکی مزنگہ پر حملہ کیا، تاہم چوکی پر موجود پولیس اہلکاروں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقابلہ فجر تک جاری رہا، جس کے دوران دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور وہ موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد بنوں پولیس لائنز سے ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کی قیادت میں تازہ دم نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جبکہ دیگر سیکیورٹی فورسز نے بھی علاقے کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا۔
مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران علاقے سے خون کے نشانات ملے، جس سے دہشتگردوں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوتی ہے۔
پولیس نے دہشتگردوں کی جانب سے چھوڑا گیا اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا، جن میں بینڈولیئرز، سیڑھی اور جوتے شامل ہیں۔
مقابلے کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسٹیبل فریداللہ معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کر دی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے جوانوں کی جرات اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں صوبے کا قیمتی سرمایہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے عوام میں خوف پھیلانا چاہتے ہیں، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔
ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے کہا کہ بنوں پولیس دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہر قسم کی دہشتگرد کارروائی کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔
