امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ امریکا کی دشمنی اور دوستی دونوں ہی پاکستان کے لیے نقصان دہ ہیں، ملک کو امریکی غلامی کے اثرات سے نکلنے کی ضرورت ہے۔
Takbeer News کے مطابق منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اب لوگ امریکا کے اثر سے نکلنا شروع ہو گئے ہیں اور وقت آ گیا ہے کہ امریکی غلامی کا لبادہ اتار کر پھینک دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفاد میں جو بھی کام کرے گا، جماعتِ اسلامی اس کے ساتھ کھڑی ہوگی، کیونکہ اس وقت ملک کو سب سے زیادہ دیانت دار اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی کیونکہ وہ اپنی مراعات کم کرنے کے لیے تیار نہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مراعات یافتہ طبقے کی سہولتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ عام آدمی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی دباؤ کا شکار ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں موٹر سائیکل استعمال کرنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہی طبقہ روزمرہ آمدورفت کے لیے پیٹرول پر انحصار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول پر غیر قانونی لیوی عائد کر رکھی ہے، جس کا براہِ راست بوجھ غریب عوام پر پڑ رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول پر عائد لیوی ختم کرے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اشرافیہ کو مزید سہولتیں دینا ناانصافی ہے اور یہ طرزِ حکمرانی مزید مسائل پیدا کرے گا۔
