پاکستان میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کے ناقابلِ تردید شواہد منظرعام پر آ گئے، جہاں ڈی جی آئی ایس پی آر نے دنیا کے سامنے اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگرد نیٹ ورکس کی سرپرستی کر رہا ہے۔
Takbeer News کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے چند روز بعد ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی ریاستی دہشتگردی سے متعلق تفصیلی شواہد پیش کیے اور واضح کیا کہ مودی حکومت اپنی سیاسی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشنز اور سرحد پار دہشتگردی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی تربیت یافتہ دہشتگرد عبدالمجید کی گرفتاری اور اس سے برآمد ہونے والے مواد نے پاکستان میں بھارتی مداخلت اور ریاستی دہشتگردی کا پول کھول دیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نہ صرف پاکستان کے اندر دہشتگرد عناصر کو مالی اور تکنیکی مدد فراہم کر رہا ہے بلکہ بھارتی فوج کے حاضر سروس افسران بھی ان کارروائیوں کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سات دن گزرنے کے باوجود بھارت پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کا ایک بھی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا، جبکہ پاکستان نے ٹھوس شواہد کے ساتھ عالمی برادری کو حقائق سے آگاہ کیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت دہشتگردوں کو آئی ای ڈیز، دھماکا خیز مواد اور دیگر وسائل فراہم کر کے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشتگرد بھارتی سرپرستی میں پاکستان کے اندر دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے بھی دہشتگردوں کی بھارت میں تربیت، علاج اور دیگر سہولت کاری کے ناقابلِ تردید شواہد دنیا کے سامنے رکھ چکا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے مسلسل ایسے اقدامات خطے کے امن کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور عالمی برادری کو اس صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔
