سینیٹر آف ایکسیلنس کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی بلاوجہ جیل میں ہیں اور کسی بھی نظریے کو قید نہیں کیا جا سکتا۔
Takbeer News کے مطابق سہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی 85 فیصد تک متاثر ہو چکی ہے، جبکہ انہیں اپنی قانونی ٹیم اور اہلِ خانہ سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت بانی کے نظریے کو عملی شکل دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور عوامی فلاح پر خرچ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ صوبے کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ انہیں بہتر روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں سے فرسودہ اور غیر مؤثر کورسز کو ختم کیا جا رہا ہے تاکہ جدید تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو بہتر تعلیم اور تربیت دی جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری موجودہ حکومت کا مشن ہے اور انہیں بااختیار بنانا مستقبل کی مضبوط بنیاد ہے۔
سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں اور تمام افسران کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ اگر وہ خود بھی کسی سفارش کریں تو اسے ہرگز قبول نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شفاف حکمرانی اور میرٹ پر مبنی نظام ہی صوبے کی ترقی کی ضمانت ہے۔
