ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں پروفیسر زرداد احمد خان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ڈاکٹرز کمیونٹی کی جانب سے ایک پُروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے انعقاد میں ڈاکٹر سردار عبدالمجید خان اور ڈاکٹر رضوان بوستان نے کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ تمام ڈاکٹرز اور افسران نے بھرپور شرکت کر کے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
تقریب سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز احمد، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار اور ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اویس زاہد نے خطاب کیا اور پروفیسر زرداد احمد خان کی گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
مقررین نے کہا کہ پروفیسر زرداد احمد خان نہ صرف ایک قابل اور تجربہ کار معالج رہے بلکہ ایک بہترین استاد اور رہنما بھی ثابت ہوئے۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ہسپتال میں ان کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی۔
اس موقع پر ڈاکٹر سردار عبدالمجید خان، پروفیسر ڈاکٹر امجد خان، پروفیسر تنویر صادق، ڈاکٹر گوہر لطیف کالس، ڈاکٹر رضوان بوستان اور پروفیسر وسیم احمد خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ گزارے گئے یادگار لمحات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب کے دوران ڈینٹل سرجن ڈاکٹر صائمہ خان کو ڈی جی ڈینٹل بی 20 میں ترقی پانے پر خصوصی مبارکباد بھی دی گئی۔
تقریب کے اختتام پر پروفیسر زرداد احمد خان کو یادگاری شیلڈ اور دیگر تحائف پیش کیے گئے، جبکہ تمام شرکاء نے ان کے لیے نیک تمناؤں اور کامیاب مستقبل کی دعا کی۔
