تکبیر نیوز (کوونٹری): کوونٹری میں اسکول سے گھر واپس جانے والے 12 سالہ طالب علم کیٹن سلیٹر کو گاڑی کی ٹکر سے ہلاک کرنے والے ڈرائیور نے خطرناک ڈرائیونگ کے ذریعے موت کا سبب بننے کا جرم قبول کر لیا۔
لٹویا کے شہری 23 سالہ ڈولارس الیگزینڈرز نے وارک کراؤن کورٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہو کر کیٹن سلیٹر کی موت کے مقدمے میں اپنا جرم تسلیم کیا۔
کیٹن 14 جون 2024 کو اسکول سے گھر جا رہا تھا جب کوونٹری کی ریڈفورڈ روڈ پر ایک گاڑی نے اسے ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں 12 سالہ کیٹن جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی رفتار کی مقررہ حد سے زیادہ رفتار پر تھی اور اس میں چار افراد سوار تھے۔
الیگزینڈرز کو طویل تحقیقات کے بعد گزشتہ ماہ لٹویا میں حراست میں لیا گیا، جس کے بعد ویسٹ مڈلینڈز پولیس، یوروپول، کراؤن پراسیکیوشن سروس اور نیشنل کرائم ایجنسی کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں اسے برطانیہ واپس لایا گیا۔
وہ 5 اگست 2026 کو برطانیہ پہنچا، بعد ازاں اسے گرفتاری کے بعد مقدمے کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے اسے خطرناک ڈرائیونگ کے ذریعے موت کا سبب بننے کے الزام میں چارج کیا۔
کیٹن کے والدین لوئیس اور کلنٹ سلیٹر بھی عدالت میں موجود تھے جب الیگزینڈرز نے ایچ ایم پی ڈووگیٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے جرم قبول کیا۔
مقدمے کی تحقیقات کے دوران کرائم اسٹاپرز کی جانب سے ایسی معلومات فراہم کرنے والے شخص کے لیے 10 ہزار پاؤنڈ انعام بھی مقرر کیا گیا تھا جو الیگزینڈرز کی گرفتاری میں مددگار ثابت ہوں۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس کے بین سیمپلز کے مطابق پولیس تحقیقات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ الیگزینڈرز کے خلاف خطرناک ڈرائیونگ کے ذریعے موت کا سبب بننے کے الزام میں عدالتی کارروائی کے لیے کافی شواہد موجود ہیں۔
جج میتھیو والش نے سزا سنانے کی کارروائی نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے ملزم سے کہا کہ اس نے انتہائی سنگین معاملے میں جرم قبول کیا ہے اور اسے طویل مدت کی سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔
ڈولارس الیگزینڈرز کو 13 نومبر 2026 کو سزا سنائی جائے گی۔
