تکبیر نیوز (برمنگھم): برطانیہ کے شہر برمنگھم میں بڑھتے ہوئے تعمیراتی اخراجات اور طویل تاخیر کے باوجود اہم شاہراہ اے 457 ڈڈلی روڈ کی تعمیر و بہتری کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے، جس کی مجموعی تخمینہ لاگت 3 کروڑ 96 لاکھ پاؤنڈ تک پہنچ گئی تھی۔
برمنگھم سٹی کونسل کے اس منصوبے کا بنیادی مقصد ٹریفک کی روانی بہتر بنانا، سفری دورانیے میں کمی لانا، بسوں کے لیے خصوصی لینز قائم کرنا اور پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
سٹی کونسل نے 2022 میں منصوبے کے لیے 3 کروڑ 21 لاکھ پاؤنڈ کے ابتدائی بجٹ کی منظوری دی تھی، تاہم مہنگائی اور تعمیراتی ڈیزائن میں تبدیلیوں کے باعث 2023 میں بجٹ بڑھا کر 3 کروڑ 71 لاکھ پاؤنڈ کر دیا گیا۔
بعد ازاں 2025 میں لیبر پارٹی کی قیادت میں قائم اس وقت کی سٹی کونسل نے مزید 25 لاکھ پاؤنڈ کی منظوری دی، جس کے بعد منصوبے کی مجموعی تخمینہ لاگت 3 کروڑ 96 لاکھ پاؤنڈ تک پہنچ گئی۔
منصوبے کی بڑھتی ہوئی لاگت اور تاخیر پر اپوزیشن کونسلرز نے بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ تاہم اب لبرل ڈیموکریٹس اور گرین پارٹی سمیت اتحادی جماعتوں کے زیر انتظام برمنگھم سٹی کونسل نے منصوبے کی تکمیل کی تصدیق کر دی ہے۔
گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والے ٹرانسپورٹ کے کابینہ رکن کونسلر راب گرانٹ نے کہا کہ ڈڈلی روڈ طویل عرصے سے ٹریفک کے شدید دباؤ کا شکار تھی، جس کے باعث بسوں کی آمدورفت متاثر ہوتی تھی، جبکہ پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کے لیے مصروف چوراہوں پر سڑک عبور کرنے کی مناسب سہولیات موجود نہیں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے منصوبے سے پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کو محفوظ راستے میسر آئیں گے، بسوں کے سفر میں بہتری آئے گی اور گاڑیوں کی آمدورفت میں حائل رکاوٹیں کم ہوں گی۔
برمنگھم سٹی کونسل کے سربراہ اور لبرل ڈیموکریٹ رہنما کونسلر راجر ہارمر نے تعمیراتی کام کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر مقامی رہائشیوں، مسافروں اور ہسپتال جانے والے مریضوں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کی حقیقی کامیابی کا اندازہ بسوں کی بروقت آمد، بچوں کے محفوظ طریقے سے سکول جانے، شہریوں کے آسان سفر اور پیدل چلنے اور سائیکل استعمال کرنے والوں کی تعداد میں اضافے سے ہوگا۔
سینڈویل اینڈ ویسٹ برمنگھم این ایچ ایس ٹرسٹ کے شعبہ املاک کے سربراہ کیون رینالڈز نے منصوبے کی تکمیل کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مڈلینڈ میٹروپولیٹن یونیورسٹی ہسپتال آنے والے ہزاروں مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
کونسل کی سابقہ رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی عدم استحکام، مہنگائی، تکنیکی منظوریوں میں تاخیر، پرانے سٹی ہسپتال کی عمارتوں کو بند کرنے اور مسمار کرنے کے عمل سمیت نئے ہسپتال کے افتتاح میں تاخیر نے بھی منصوبے کے اخراجات اور تعمیراتی مدت میں اضافے میں کردار ادا کیا۔
چار مرحلوں پر مشتمل منصوبے کا پہلا مرحلہ مئی 2022 میں مکمل ہوا، جس میں ویسٹرن روڈ جنکشن کی بہتری اور سوہو لوپ کے تقریباً 3 ہزار نئے گھروں تک رسائی کی سہولیات شامل تھیں۔
دوسرا مرحلہ اگست 2024 میں مکمل کیا گیا، جس کے تحت اسپرنگ ہل، بارفورڈ اسٹیٹ، ہیتھ اسٹریٹ اور ونسن گرین روڈ کے علاقوں میں خصوصی بس لینز، علیحدہ سائیکل ٹریک، فٹ پاتھ اور پیدل سڑک عبور کرنے کی سہولیات بہتر بنائی گئیں۔
تیسرے مرحلے میں لی برج اور اکنلڈ پورٹ روڈ جنکشن سمیت سمر فیلڈ پارک تک شاہراہ کی بہتری کا کام اپریل 2026 میں مکمل کیا گیا۔
چوتھے اور آخری مرحلے کے تحت برمنگھم ٹریٹمنٹ سینٹر کے سائیکل ٹریک کی تعمیر جنوری 2026 میں شروع ہوئی، جو اکتوبر میں مکمل کر لی گئی۔
