کراچی کے ضلع غربی میں پولیس نے منشیات اور گٹکا فروشی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے چار روز کے دوران 72 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان منشیات فروشی، گٹکا سپلائی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کی منشیات، بڑی مقدار میں گٹکا، 25 کلو چھالیہ اور لاکھوں روپے نقد رقم برآمد کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع غربی کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئیں، جہاں متعدد مقامات پر چھاپے مار کر ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق بعض ملزمان رہائشی مکانات کو گٹکا بنانے اور ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کر رہے تھے۔
پولیس نے ایسی دو گٹکا فیکٹریاں بھی مکمل طور پر ختم کر دیں جو گھروں کے اندر قائم کی گئی تھیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات اور گٹکا جیسی خطرناک لعنت سے بچانے کے لیے یہ مہم مزید سختی سے جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
