برطانیہ کے شہر برمنگھم میں اپنے دوست کو تشدد کر کے قتل کرنے والا مجرم جیل میں مردہ پایا گیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
41 سالہ اینڈریو بیہن کو گزشتہ سال اپنے دوست 45 سالہ فرانسس لیٹنر کی ہلاکت کے مقدمے میں سزا سنائی گئی تھی۔
عدالتی کارروائی کے مطابق اینڈریو بیہن نے دسمبر 2024 میں برمنگھم کے علاقے آسٹن میں واقع ایک رہائشی مکان میں اپنے دوست پر حملہ کیا تھا۔
پہلے اس نے ایک شراب کی دکان کے باہر فرانسس لیٹنر کو سر سے ٹکر ماری، پھر گھر واپس جا کر اسے بار بار مکے اور کہنیاں ماریں۔
شدید تشدد کے نتیجے میں متاثرہ شخص کے دماغ میں خون جم گیا اور وہ دو دن بعد اسپتال میں دم توڑ گیا۔
رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد اینڈریو بیہن باہر جا کر شراب نوشی کرتا رہا اور بعد میں واپسی پر پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
بعد ازاں اس نے قتلِ خطا کا اعتراف کر لیا، جس کے بعد قتل کا الزام واپس لے لیا گیا اور نومبر 2025 میں اسے 6 سال 7 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔
اب شروپشائر کی اسٹوک ہیتھ جیل میں 29 مارچ 2026 کو اینڈریو بیہن مردہ پایا گیا۔
حکام کے مطابق جیل میں ہونے والی ہر موت کی طرح اس واقعے کی بھی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ اصل حالات معلوم کیے جا سکیں۔
جیل انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ اینڈریو بیہن کی موت کے بعد باقاعدہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
عدالت میں بتایا گیا تھا کہ بیہن اپنے کیے پر نادم تھا اور جیل میں اس نے شراب کی لت پر قابو پانے کی کوشش بھی کی، جبکہ دیگر قیدیوں کی رہنمائی کے لیے بطور معاون بھی کام کر رہا تھا۔
