Germany میں فٹبال حلقے اس وقت ہل کر رہ گئے جب FC Schalke 04 کے ہوم گراؤنڈ Veltins-Arena کے واش روم سے ایک 65 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی۔
یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کے روز اس وقت سامنے آیا جب ایک کلینر نے معمول کے معائنے کے دوران اسٹیڈیم کے ٹوائلٹ میں ایک شخص کو مردہ حالت میں پایا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کیلئے واش روم کے حصے کو گھیرے میں لے لیا۔
رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص بدھ کے روز اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے ایک پروگرام میں شریک تھا۔
جرمن میڈیا کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ 65 سالہ شخص کو طبی ایمرجنسی پیش آئی، جس کے باعث وہ گر کر جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی مجرمانہ کارروائی کے شواہد نہیں ملے، تاہم یہ سوال برقرار ہے کہ ایک پورا دن گزرنے کے باوجود کسی نے اس شخص کی گمشدگی محسوس کیوں نہیں کی۔
متوفی کا تعلق جرمنی کے شہر Gelsenkirchen سے بتایا جا رہا ہے۔
کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شالکے 04 اس خبر پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے اور مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہے۔
کلب نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، اس لیے مزید معلومات جاری نہیں کی جائیں گی، تاہم متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ شالکے نے اپنا آخری ہوم میچ 19 اپریل کو کھیلا تھا، جس میں ٹیم نے پریوسن منسٹر کو 4-1 سے شکست دی تھی۔
