برطانیہ میں سال 2026 کے بینک ہالیڈیز کا مکمل شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس میں قومی تعطیلات کے ساتھ مختلف علاقوں کی مخصوص چھٹیاں بھی شامل ہیں۔ اس مرتبہ شیڈول میں اسکاٹ لینڈ کے لیے ایک اضافی بینک ہالیڈے بھی رکھا گیا ہے۔
سرکاری اعلان کے مطابق برطانیہ کے چاروں ممالک انگلینڈ، ویلز، اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں بعض تعطیلات مشترکہ ہوں گی۔ تمام علاقوں میں یکم جنوری (جمعرات) کو نیو ایئر ڈے جبکہ 3 اپریل کو گڈ فرائیڈے منایا جائے گا۔
البتہ 6 اپریل کو ایسٹر منڈے انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں سرکاری تعطیل ہوگی جبکہ اسکاٹ لینڈ میں یہ دن عام کام کا دن ہوگا۔ اسی طرح 4 مئی کو ارلی مئی بینک ہالیڈے اور 25 مئی کو اسپرنگ بینک ہالیڈے پورے برطانیہ میں مشترکہ تعطیلات ہوں گی۔
سال کے اختتام پر کرسمس ڈے 25 دسمبر بروز جمعہ ہوگا جبکہ باکسنگ ڈے چونکہ ہفتہ کو آئے گا اس لیے اس کی متبادل تعطیل پیر 28 دسمبر کو دی جائے گی۔
اسکاٹ لینڈ کیلئے اضافی تعطیل
2026 کے شیڈول میں ایک خاص اضافہ اسکاٹ لینڈ کے لیے 15 جون بروز پیر کو اضافی بینک ہالیڈے کی صورت میں کیا گیا ہے۔ یہ تعطیل اسکاٹ لینڈ کی قومی فٹبال ٹیم کے 28 سال بعد فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی خوشی میں دی گئی ہے۔
بکنگھم پیلس کے مطابق یہ فیصلہ ٹیم کی کامیابی کو قومی سطح پر منانے کے لیے کیا گیا ہے اور اس تعطیل کو Banking and Financial Dealings Act 1971 کے تحت قانونی حیثیت دی گئی ہے۔
مختلف علاقوں کی مخصوص تعطیلات
برطانیہ کے مختلف حصوں میں کچھ منفرد تعطیلات بھی منائی جاتی ہیں۔
- شمالی آئرلینڈ میں 13 جولائی کو بیٹل آف بوائن کی یاد میں بینک ہالیڈے ہوگا۔
- اسکاٹ لینڈ میں 3 اگست کو سمر بینک ہالیڈے منایا جائے گا جبکہ باقی برطانیہ میں یہ تعطیل 31 اگست کو ہوگی۔
- اس کے علاوہ اسکاٹ لینڈ میں 30 نومبر کو سینٹ اینڈریوز ڈے بھی سرکاری تعطیل ہے۔
یہ شیڈول برطانیہ میں رہنے والے افراد کو 2026 کی چھٹیوں اور سفر کی پیشگی منصوبہ بندی میں مدد دے گا۔
