برطانیہ کی معروف سپر مارکیٹ چین Asda میں تنخواہوں کے نظام میں سنگین انتظامی غلطی سامنے آئی ہے، جس کے باعث دو ہزار چوبیس سے دو ہزار پچیس کے دوران 53 ہزار سے زائد سابق اور موجودہ ملازمین کو کم تنخواہیں ادا کی گئیں۔
کمپنی کے مطابق متاثرہ ملازمین میں سے اسی فیصد سے زائد ایسے ہیں جنہیں مجموعی طور پر انیس پاؤنڈ سے کم رقم کی کمی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اس کے باوجود معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اسڈا نے تمام واجب الادا رقوم سود سمیت واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسڈا انتظامیہ کے مطابق یہ غلطی فروری دو ہزار چوبیس میں متعارف کرائے گئے نئے تنخواہی نظام کے باعث ہوئی، جس کا اثر بیماری اور چھٹیوں سے متعلق ادائیگیوں پر پڑا۔ یہ مسئلہ مئی دو ہزار چوبیس تک جاری رہا، جس کے بعد کمپنی کا دعویٰ ہے کہ نظام درست طریقے سے کام کرنے لگا۔
کمپنی کے چیئرمین Allan Leighton نے جنوری میں ملازمین کو لکھے گئے ایک خط میں بتایا کہ بیرونی ماہرین کے ذریعے مکمل جانچ کے بعد اس غلطی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملازم کو مالی نقصان نہیں اٹھانا پڑے گا۔
چیئرمین کے مطابق تمام متاثرہ ملازمین کو فروری کی تنخواہ کے ساتھ مکمل بقایا رقم ادا کی جائے گی، جبکہ اس کے ساتھ بارہ فیصد اضافی رقم بھی بطور سود دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسڈا ہر وہ پائی واپس کرے گا جو ملازمین کا حق بنتی ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ اسڈا نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ جن ملازمین کو مارچ دو ہزار چوبیس میں ایک علیحدہ مسئلے کے تحت زائد تنخواہیں مل گئی تھیں، ان سے وہ رقم واپس نہیں لی جائے گی۔ مزید یہ کہ جن ملازمین سے اس وقت اضافی رقم واپس لی گئی تھی، انہیں بھی اب وہ رقم لوٹا دی جائے گی تاکہ تمام ملازمین کے ساتھ یکساں سلوک کیا جا سکے۔
اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے اسڈا کے شعبۂ افرادی قوت کے سربراہ James Goodman نے کہا کہ کوئی بھی ملازم مالی طور پر نقصان میں نہیں رہے گا، چاہے وہ اس وقت اسڈا میں کام کر رہا ہو یا ماضی میں کر چکا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام واجب الادا رقوم بارہ فیصد اضافی رقم کے ساتھ واپس کی جا رہی ہیں، جبکہ زائد تنخواہ حاصل کرنے والے ملازمین کو وہ رقم رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں اس قسم کی غلطیوں سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا چکے ہیں، جن کی تصدیق بیرونی ماہرین نے بھی کر دی ہے۔
تنخواہوں سے متعلق اس بڑے انکشاف کے بعد برطانیہ بھر میں ملازمین اور مزدور تنظیموں کی جانب سے اس معاملے کو قریب سے دیکھا جا رہا ہے، جبکہ اسڈا کے اس فیصلے کو ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے کہ اس نے نہ صرف غلطی تسلیم کی بلکہ مکمل ادائیگی اور اضافی رقم دینے کا بھی اعلان کیا۔
