تکبیر نیوز (برمنگھم): برطانیہ کے مختلف ایئرپورٹس اور پروازوں میں مسافروں کے غیر مناسب رویے، شراب کے نشے اور دیگر جرائم سے متعلق اہم اعداد و شمار سامنے آئے ہیں، جن کے مطابق برمنگھم ایئرپورٹ پر تین سال کے دوران 161 گرفتاریاں ریکارڈ کی گئیں۔
ٹریول انشورنس سے متعلق خدمات فراہم کرنے والی ویب سائٹ کنفیوزڈ ڈاٹ کام (Confused.com) نے معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت برطانیہ کی مختلف پولیس فورسز سے حاصل کردہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2023 سے 2025 کے دوران برطانوی ایئرپورٹس اور پروازوں میں گرفتاریوں اور جرائم کے مجموعی طور پر 5 ہزار 496 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جن میں سے 670 کا تعلق شراب کے نشے اور سماج مخالف رویے سے تھا۔
برمنگھم ایئرپورٹ رپورٹ میں گرفتاریوں کے اعتبار سے پانچویں نمبر پر رہا، جہاں ریکارڈ کی گئی 161 گرفتاریوں میں سے 29 فیصد کا تعلق شراب کے نشے اور سماج مخالف رویے سے تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق گیٹ وک ایئرپورٹ پر سب سے زیادہ 2 ہزار 164 گرفتاریاں ریکارڈ کی گئیں، جن میں سے 176 کا تعلق شراب کے نشے اور سماج مخالف رویے سے تھا۔ ان میں 28 واقعات نشے کی حالت میں طیارے میں داخل ہونے یا دوران پرواز نشے میں ہونے سے متعلق تھے۔
گیٹ وک ایئرپورٹ میں داخلے پر پابندی کی خلاف ورزی کے باعث ہونے والی گرفتاریوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ ایسے واقعات کی تعداد 2023 میں 18 تھی، جو 2025 میں بڑھ کر 55 ہوگئی۔
ایڈنبرا ایئرپورٹ پر ایک ہزار 292 جرائم ریکارڈ کیے گئے، جن میں سے 29 فیصد کا تعلق چوری اور دھوکہ دہی جیسے جرائم سے تھا، جبکہ سماج مخالف رویے کے 191 واقعات بھی سامنے آئے۔
گلاسگو ایئرپورٹ پر ایک ہزار 275 جرائم ریکارڈ کیے گئے، جن میں سے 24 فیصد کا تعلق چوری اور دھوکہ دہی جیسے جرائم سے تھا، جبکہ 110 واقعات سماج مخالف رویے سے متعلق تھے۔
مانچسٹر ایئرپورٹ کے حوالے سے فراہم کردہ اعداد و شمار میں تمام 111 جرائم طیاروں کے اندر پیش آئے، جن میں سے 86 فیصد کا تعلق طیارے میں شراب کے نشے سے تھا۔
تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ پروازوں کے دوران مسافروں کے غیر مناسب رویے کا سامنا کرنے یا ایسے واقعات دیکھنے والے 52 فیصد برطانوی مسافروں نے اپنی فضائی سفری عادات تبدیل کی ہیں۔
کنفیوزڈ ڈاٹ کام کے ٹریول انشورنس ماہر ٹام وان نے کہا کہ پروازوں کے دوران غیر مناسب رویہ محض پریشانی کا باعث نہیں بنتا بلکہ اس کے نتیجے میں طیاروں کی روانگی رک سکتی ہے، سینکڑوں مسافروں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور مسافروں سمیت عملے کی حفاظت بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی مسافر خود پرواز میں خلل ڈالنے کا ذمہ دار ہو تو بیشتر ٹریول انشورنس پالیسیاں ایسے اخراجات کا احاطہ نہیں کرتیں، جبکہ حد سے زیادہ شراب نوشی بھی انشورنس کوریج کو غیر مؤثر بنا سکتی ہے۔
برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کسی مسافر کے رویے کے باعث طیارے کا رخ تبدیل کرنا پڑے تو متعلقہ مسافر کو 10 ہزار سے 80 ہزار پاؤنڈ تک کے اخراجات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
