تکبیر نیوز (برمنگھم): برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز کے اہلکاروں نے ایک دکان پر چھاپہ مار کر لاکھوں پاؤنڈ مالیت کی جعلی اور غیر محفوظ مصنوعات کا بڑا ذخیرہ ضبط کر لیا۔ برآمد ہونے والی اشیا میں معروف عالمی برانڈز کے جعلی پرفیوم، ہینڈ بیگز، ہیڈ فونز، کاسمیٹکس اور انرجی ڈرنکس شامل ہیں۔
برمنگھم سٹی کونسل کی ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز ٹیم نے ایرڈنگٹن ہائی اسٹریٹ پر واقع ایک دکان میں کارروائی کرتے ہوئے 4 لاکھ 29 ہزار 246 پاؤنڈ کی تخمینہ خوردہ مالیت کی جعلی مصنوعات ضبط کیں۔
کارروائی کے دوران ایک ہزار 951 جعلی پرفیوم برآمد ہوئے، جن کی تخمینہ مالیت ایک لاکھ 89 ہزار 178 پاؤنڈ بتائی گئی ہے، جبکہ معروف ڈیزائنر برانڈز کے جعلی ہینڈ بیگز کی مالیت 29 ہزار 800 پاؤنڈ ہے۔
اہلکاروں نے 5 ہزار 460 پاؤنڈ مالیت کے 72 جعلی ایپل ایئرپوڈز، 13 ہزار 500 پاؤنڈ مالیت کے 27 جعلی ایپل ایئرپوڈز میکس ہیڈ فونز اور 3 ہزار 360 پاؤنڈ مالیت کے سات جعلی ڈائسن ایئر ریپ ہیئر اسٹائلنگ آلات بھی ضبط کیے۔
اس کے علاوہ 14 ہزار 750 پاؤنڈ مالیت کے جعلی برانڈڈ مگ، سینکڑوں جعلی ریڈ بل انرجی ڈرنکس اور دیگر گھریلو استعمال کی مصنوعات بھی برآمد ہوئیں۔
ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز کے اہلکاروں نے بڑی مقدار میں کمبل، بستر کی چادریں، باتھ میٹس اور کاسمیٹکس بھی ضبط کیے، جن کی برطانیہ میں فروخت کے لیے ضروری حفاظتی جانچ نہیں کی گئی تھی۔
برمنگھم سٹی کونسل میں شہری خدمات اور ڈیجیٹل امور کے کابینہ رکن کونسلر حارث خالق نے کہا کہ اس کارروائی کے ذریعے بڑی مقدار میں جعلی اور غیر محفوظ مصنوعات کو مارکیٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی مصنوعات کو محض کم قیمت اشیا نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ ان میں سے بہت سی مصنوعات ضروری حفاظتی جانچ کے بغیر فروخت کی جاتی ہیں اور صارفین کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔
کونسلر حارث خالق کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تجارت کرنے والے عناصر عوام کی حفاظت کے بجائے اپنے منافع کو ترجیح دیتے ہیں، جس سے قانون کے مطابق کاروبار کرنے والے تاجروں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز کے اہلکار غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کی نشاندہی اور روک تھام کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سٹی کونسل نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جعلی یا غیر محفوظ مصنوعات کی فروخت سے متعلق شکایات سٹیزنز ایڈوائس کنزیومر سروس کے فون نمبر 0808 223 1133 پر درج کروائیں۔
معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
