تکبیر نیوز (برمنگھم): برطانیہ کے شہر برمنگھم میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد سائیکل پر گھر واپس آنے والے 16 سالہ مسلمان نوجوان محمد اسماعیل عالم کو خطرناک ڈرائیونگ کے دوران گاڑی کی ٹکر سے ہلاک کرنے والے ڈرائیور کو 12 سال اور 4 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے، جبکہ اس پر 16 سال تک گاڑی چلانے کی پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے۔
برمنگھم کراؤن کورٹ نے منگل کے روز 47 سالہ کلائیڈ کیری کو سزا سنائی۔ ملزم نے خطرناک ڈرائیونگ کے نتیجے میں موت کا سبب بننے، حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر نہ رکنے، حادثے کی اطلاع نہ دینے اور انشورنس کے بغیر گاڑی چلانے سمیت چار جرائم کا اعتراف کیا تھا۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مطابق افسوسناک حادثہ 28 اگست کو برطانوی مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 25 منٹ پر برمنگھم کے علاقے سمال ہیتھ میں کیٹل روڈ اور ٹیمپل فیلڈ اسٹریٹ کے سنگم پر پیش آیا۔
محمد اسماعیل نماز کی ادائیگی کے بعد سائیکل پر گھر واپس جا رہا تھا کہ تیز رفتار گاڑی نے اسے ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں نوجوان شدید زخمی ہوگیا، جسے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ اگلے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق برمنگھم کی بلیکسلی روڈ کے رہائشی کلائیڈ کیری نے نوجوان کی مدد کرنے کے بجائے جائے حادثہ سے فرار اختیار کیا۔
بعد ازاں پولیس کی جانب سے جاری اپیل دیکھنے کے بعد کیری نے خود پولیس سے رابطہ کرکے اعتراف کیا کہ حادثے کے وقت وہ گاڑی چلا رہا تھا۔ اس نے خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا وعدہ بھی کیا، تاہم وعدے کے مطابق پیش نہ ہونے پر پولیس اہلکاروں نے اسے اس کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے سنگین ٹریفک حادثات کی تحقیقات کرنے والے یونٹ کے ڈیٹیکٹو کانسٹیبل گرفتھس نے کہا کہ کیری انتہائی خطرناک رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان اپنی زندگی سے محروم ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیور نے زخمی نوجوان کے لیے مدد حاصل کرنے کے بجائے خود کو بچانے کی کوشش میں جائے حادثہ سے فرار اختیار کیا۔ اس کی لاپرواہی نے ایک خاندان کو ایسے نوجوان کی جدائی کے غم میں مبتلا کر دیا جس کے سامنے پوری زندگی پڑی تھی۔
محمد اسماعیل کے سکول نے بھی اس کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک غیر معمولی نوجوان، پیارا بیٹا، عزیز اور محبوب طالب علم قرار دیا۔ سکول کے مطابق اس کی وفات ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔
محمد اسماعیل کو ایک مہربان، دوسروں کی مدد کرنے والا اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا نوجوان قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہ اپنے قول و کردار سے دوسروں کو بھی اسلامی اصولوں پر عمل کرنے کی ترغیب دیتا تھا۔
اسے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگرچہ اس کی زندگی انتہائی مختصر رہی، تاہم اس کا کردار، اس کی کامیابیاں اور دوسروں کے لیے قائم کی گئی مثال دیرپا اثرات چھوڑے گی۔
