تکبیر نیوز (والسال): برطانیہ کے علاقے ویسٹ مڈلینڈز میں غیر قانونی سگریٹ اور تمباکو کی فروخت کے خلاف بڑی کارروائی کے دوران پیزا شاپ سمیت مختلف مقامات سے 25 ہزار پاؤنڈ سے زائد مالیت کے غیر قانونی سگریٹ ضبط کر لیے گئے۔
والسال کونسل کی ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز ٹیم اور ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے 19 نومبر کو مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چھ دکانوں، ایک متعلقہ رہائشی فلیٹ اور سامان ذخیرہ کرنے کے ایک مقام کی تلاشی لی، جس کے دوران چار مقامات سے غیر قانونی تمباکو برآمد ہوا۔
کارروائی میں غیر قانونی مصنوعات کی نشاندہی کے لیے خصوصی تربیت یافتہ کتوں گرف، بران اور کوپر کی مدد بھی حاصل کی گئی۔
تربیت یافتہ کتوں نے ایک پیزا شاپ سمیت مختلف کاروباری اور رہائشی مقامات پر چھپائے گئے غیر قانونی سگریٹ اور تمباکو کے ذخائر کی نشاندہی کی، جس کے بعد اہلکاروں نے انہیں قبضے میں لے لیا۔
مشترکہ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 21 ہزار 480 غیر قانونی سگریٹ، 5.95 کلوگرام سگریٹ بنانے کے لیے استعمال ہونے والا تمباکو اور جعلی ریڈ بل انرجی ڈرنک کے 27 کین ضبط کیے گئے۔
یہ کارروائی آپریشن سی سی (Operation CeCe) کے تحت کی گئی، جو نیشنل ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز اور برطانوی محکمہ محصولات ایچ ایم ریونیو اینڈ کسٹمز (ایچ ایم آر سی) کا مشترکہ اقدام ہے۔ متعلقہ مقامات کو موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
والسال کونسل میں قانون نافذ کرنے سے متعلق امور کے ذمہ دار کونسلر ایان بینٹن نے کہا کہ علاقے میں اس نوعیت کی غیر قانونی سرگرمیوں کو جاری رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز، ویسٹ مڈلینڈز پولیس اور کارروائی میں حصہ لینے والے تربیت یافتہ کتوں کی کارکردگی کو سراہا۔
کونسلر ایان بینٹن نے کہا کہ غیر قانونی تمباکو کی تجارت کے منظم جرائم، انسانی اسمگلنگ، منشیات اور دہشت گردی سے روابط ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ ان کے مطابق ایسی سرگرمیاں مقامی آبادی میں جرائم کو فروغ دینے اور کمزور افراد کے استحصال کا باعث بن سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز نے غیر قانونی تجارت کے خلاف سخت حکمت عملی اختیار کر رکھی ہے اور اس کی روک تھام کے لیے دستیاب قانونی اختیارات استعمال کیے جاتے رہیں گے۔
والسال کونسل کے مطابق تحقیقات جاری ہونے کے باعث کارروائی میں شامل کاروباری مراکز کے نام ظاہر نہیں کیے جا سکتے، جبکہ ضبط کی گئی مصنوعات کو تلف کیا جائے گا۔
