ڈیون: ہونٹن کے قریب A30 پر سنگین ٹریفک حادثے میں 28 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ گاڑی کا ڈرائیور معمولی زخمی ہوگیا۔
حادثہ ہفتہ 8 اگست کو دوپہر تقریباً 2 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا، جہاں ایک سرمئی رنگ کی Cupra Formentor سڑک کے مرکزی ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد مخالف سمت کی لین میں جاگری۔
پولیس کے مطابق گاڑی کی اگلی نشست پر موجود ملٹن کینز کے علاقے سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ خاتون شدید زخمی ہوئی اور اسے موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
خاتون کے لواحقین کو واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
حادثے میں گاڑی چلانے والا شخص بھی زخمی ہوا، تاہم پولیس کے مطابق اسے معمولی چوٹیں آئیں۔
حادثے کے بعد A30 کو کئی گھنٹوں کے لیے بند کردیا گیا تاکہ پولیس جائے حادثہ کا مکمل معائنہ کرسکے اور واقعے کی وجوہات معلوم کی جاسکیں۔
Devon and Cornwall Police نے حادثے کے عینی شاہدین سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے واقعہ دیکھا ہو، اس کے پاس متعلقہ ویڈیو یا ڈیش کیم فوٹیج ہو، یا حادثے سے قبل سرمئی Cupra Formentor دیکھی ہو تو پولیس سے رابطہ کرے۔
پولیس سے 101 پر رابطہ کرتے وقت Log 472 of 8 August کا حوالہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے بھی کارروائی میں حصہ لیا اور گاڑی میں پھنسے ایک شخص کو باہر نکالا، جبکہ گاڑی کو محفوظ بنانے کے بعد جائے حادثہ پولیس اور ایمبولینس سروس کے حوالے کردیا گیا۔
