ڈارٹ مور (تکبیر نیوز) برطانیہ کے معروف تفریحی مقام ڈارٹ مور میں دریا میں چھلانگ لگانے کے دوران 12 سالہ لڑکا زخمی ہوگیا، جسے ایئر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعہ ہفتے کے روز دریائے ڈارٹ پر واقع مشہور سوئمنگ مقام اسپچ وِک میں پیش آیا، جہاں گرم موسم کے باعث بڑی تعداد میں لوگ تیراکی اور پکنک کے لیے موجود تھے۔
اطلاعات کے مطابق کم عمر لڑکے نے دریا میں چھلانگ لگائی اور مبینہ طور پر کلف جمپنگ کے دوران پھسل کر زخمی ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، پیرامیڈکس، ڈارٹ مور رینجرز اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ڈیون ایئر ایمبولینس واقعے کے تقریباً 15 منٹ بعد موقع پر پہنچی۔ امدادی کارکنوں نے زخمی لڑکے کو اسٹریچر کے ذریعے دریا کے قریب سے نکال کر کچھ فاصلے پر موجود ایئر ایمبولینس ہیلی کاپٹر تک منتقل کیا۔
ڈارٹ مور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ایشبرٹن کے مطابق انہیں ہفتہ 11 جولائی کو اسپچ وِک میں دریا میں چھلانگ لگانے کے دوران ایک بچے کے زخمی ہونے کی اطلاع پر طلب کیا گیا تھا۔
ریسکیو ٹیم نے بتایا کہ 12 سالہ لڑکے کو اسٹریچر پر محفوظ طریقے سے نکال کر ڈیون ایئر ایمبولینس کے حوالے کیا گیا۔
امدادی کارروائی کے دوران ایمرجنسی گاڑیوں کی موجودگی کے باعث علاقے کی سڑک تقریباً ایک گھنٹے تک بند رہی جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے ٹریفک کو کنٹرول کیا۔
ایک عینی شاہد کے مطابق امدادی اداروں کا ردعمل انتہائی تیز تھا اور بڑی تعداد میں ریسکیو اہلکار چند ہی منٹوں میں موقع پر پہنچ گئے۔
ایئر ایمبولینس کی روانگی کے بعد سڑک کو دوبارہ کھول دیا گیا اور علاقے میں معمول کی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔
ریسکیو ٹیم نے زخمی بچے کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
