(تکبیر نیوز—- راولپنڈی)
مری ایکسپریس وے پر پیش آنے والے دلخراش حادثے میں 10 افراد کی جانیں ضائع ہونے کے بعد پولیس نے فرار ہونے والے وین ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
موٹر وے پولیس کے مطابق حادثہ ملتان سے مری جانے والی ایک سیاح فیملی کی وین کو پیش آیا، جو راولپنڈی کے علاقے کھجوٹ کے قریب حادثے کا شکار ہو کر نالے میں جا گری۔ حادثے کے فوراً بعد گاڑی میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری وین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انسپکٹر طاہر الدین کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو طلب کیا گیا۔ امدادی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو بچانے کی کوششیں شروع کر دیں۔
ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ وین مبینہ طور پر نامعلوم ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث نالے میں جا گری اور بعد ازاں دیوار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد وین کے دروازے دیوار کے ساتھ پھنس گئے جس کی وجہ سے مسافر بروقت باہر نہ نکل سکے۔
افسوسناک حادثے میں پانچ بچوں سمیت 10 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے، جن میں سات بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد وین ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ اس کے خلاف غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش بھی جاری ہے۔
