(تکبیر نیوز—- ناروے، اوسلو)
ناروے میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام پاکستان کے عظیم مغل ورثے کے 500 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک پروقار اور رنگا رنگ ثقافتی شام کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی تاریخ، تہذیب اور ثقافتی ورثے کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔
تقریب کے پہلے مرحلے میں اوسلو کے سنیما ٹکٹ ہاؤس میں پاکستان کے مغل دور سے متعلق خصوصی مختصر دستاویزی فلمیں پیش کی گئیں جبکہ اس تاریخی ورثے کی اہمیت پر ماہرین نے پینل مباحثے میں بھی شرکت کی۔ بعد ازاں تقریب کے دوسرے مرحلے میں استقبالیہ، فن پاروں کی نمائش اور لائیو موسیقی کی دلکش پرفارمنس کا اہتمام کیا گیا جس نے شرکاء کو پاکستانی ثقافت کے رنگوں سے روشناس کرایا۔
اس تقریب میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں، نارویجن اور پاکستانی پارلیمنٹیرینز، سینئر سیاسی شخصیات، میڈیا نمائندوں اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پاکستان کی سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے اپنے خطاب میں شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی ثقافتی پروگرام میں شرکت ان کے لیے اعزاز اور خوشی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہمانوں کی موجودگی نہ صرف پاکستان کے ساتھ دوستی اور تعلقات کی عکاس ہے بلکہ یہ ثقافت، تاریخ اور مشترکہ انسانی ورثے کی پائیدار اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
سعدیہ الطاف قاضی نے مزید کہا کہ ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی گزشتہ کئی دہائیوں سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا پل بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ناروے کی پارلیمنٹ میں قائم پاکستان ناروے فرینڈشپ گروپ اب "فرینڈز آف پاکستان” کی صورت میں پاکستان کے ساتھ دوستی کو مزید فروغ دے رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ثقافتی تقریب کا مقصد ناروے کے عوام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو پاکستان کی شاندار تہذیب، تاریخی ورثے اور ثقافتی روایات سے روشناس کرانا تھا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کے ثقافتی ورثے، فنون لطیفہ اور تاریخی خدمات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
