(تکبیر نیوز—- برطانیہ، برمنگھم)
برمنگھم کے علاقے سمال ہیتھ میں مبینہ ہنگامہ آرائی اور مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک آتشیں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مطابق واقعہ پیر 8 جون کی رات کارلٹن روڈ پر پیش آیا، جہاں ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے۔ پولیس کو دیکھتے ہی ایک گروہ وہاں سے فرار ہونے لگا جس کے بعد اہلکاروں نے پیدل تعاقب شروع کر دیا۔
پولیس کے مطابق تعاقب کے دوران 19 سالہ نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ قریب ہی سے ایک آتشیں اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
بعد ازاں مزید پانچ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا جن میں 21، 19 اور 18 سالہ تین نوجوان جبکہ 17، 17 سال کے دو کم عمر لڑکے شامل ہیں۔
تمام چھ افراد کو اسلحہ رکھنے اور آتشیں اسلحہ سے متعلق جرائم کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے اور وہ اس وقت پولیس حراست میں ہیں جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے کہا ہے کہ علاقے میں سنگین اور منظم جرائم کے خلاف جاری خصوصی مہم کے تحت کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق غیر قانونی اسلحہ اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس غیر قانونی اسلحہ یا مجرمانہ سرگرمیوں سے متعلق معلومات موجود ہوں تو فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں کیونکہ ایک معمولی اطلاع بھی سنگین جرائم کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
