میڈیا کے مطابق پونے پولیس نے لارنس بشنوئی کے ساتھ کام کرنے والے شارپ شوٹرنسنتوش جادھو کو حراست میں لے لیا ہے ، رپورٹس کے مطابق سنتوش جادھو نے سدھو موسے والا کے قتل میں مدد کی تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ سنتوش جادھو ایک سال سے فرارتھا اوراسے 2021 میں کیے جانے والے قتل کے ایک مقدمے میں حراست میں لیا گیا تھا۔سنتوش جادھو کے علاوہ بھارتی گلوکارکے قتل کیس کی تحقیقات میں ناگناتھ سوریاونشی کا نام سامنے آیا ہے۔ان دونوں کو اتوار کے روز گجرات کے بھج کی مانڈاوی تحصیل سے پونے دیہی پولیس کی ایک ٹیم نے گرفتارکیا۔اسی کیس میں پونے پولیس نے سدھیش کامبلے کوبھی گرفتارکیا ہے جس پرسنتوش جادھو کو پناہ دینے کا الزام تھا۔سدھوموسے والا کے قتل سے اس کا ممکنہ تعلق جاننے کے لیے پولیس حکام پوچھ گچھ کررہے ہیں۔پونے دیہی پولیس کی ایک ٹیم بھی بشنوئی سے پوچھ گچھ کے لیے دہلی روانہ ہوئی ہے جو دہلی پولیس کے خصوصی سیل کی تحویل میں ہے اور ممکنہ طور پرسدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹرمائنڈ ہے۔سدھو موسے والا کو29 مئی کو نامعلوم افراد نے پنجاب کے ضلع مانسہ میں گاڑی پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔