خیبر پختونخوا اور پنجاب کے علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش/آندھی/گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔
اس دوران سرگودھا، میانوالی، خوشاب، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات اور لاہور میں گردو غبار / تیز ہواؤں/ آندھی کا بھی امکان ہے۔ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اتوار سے صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور طوفان کے بارے میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
صوبہ کے بیشتربالائی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کےعلاوہ دیر، چترال، سوات، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، پشاور، صوابی، کرم اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں/آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
لوگ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں PDMA کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی اور ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اورگرم رہا۔