کیپٹن حذیفہ غازی نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں پاک فوج نے بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کی نئی مثال قائم کی، جسے پوری دنیا نے دیکھا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق نے واضح کر دیا کہ کون کامیاب ہوا اور کس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے اپنے سے چار گنا بڑی فوج کا مقابلہ کرتے ہوئے نہ صرف دشمن کے عزائم ناکام بنائے بلکہ اپنی عسکری صلاحیت اور مضبوط عزم کا بھرپور مظاہرہ بھی کیا۔
کیپٹن حذیفہ غازی نے کہا کہ عددی برتری کے باوجود دشمن کو میدانِ جنگ میں بدترین ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا، جو پاک فوج کی پیشہ ورانہ برتری کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک اور قوم کے دفاع کیلئے پہلے بھی جانوں کا نذرانہ پیش کیا گیا اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور وطن کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
کیپٹن حذیفہ غازی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق نے یہ حقیقت بھی ثابت کر دی کہ فتح صرف تعداد سے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی مدد، جذبۂ ایمانی اور مضبوط یقین سے حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کے ہر ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہے۔
