کراچی میں ٹرک ٹریلر تصادم اور دیگر ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے سپر ہائی وے پر لکی سیمنٹ فیکٹری کے قریب مزدا ٹرک اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں مزدا ٹرک میں سوار ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے لاش کو ایمبولینس کے ذریعے گڈاپ سٹی تھانے منتقل کیا، جہاں قانونی کارروائی کے بعد میت کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان ایدھی کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت مزدا ٹرک کے کلینر 37 سالہ اکبر علی ولد اعجاز آصف کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب سائٹ سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی معمار موڑ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک 45 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی۔
خاتون کی لاش ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جبکہ پولیس کے مطابق فوری طور پر ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔
ادھر کورنگی کے علاقے عوامی کالونی ساڑھے 5 نمبر میں تاج شادی ہال کے قریب ایک خاتون موٹرسائیکل سے گر کر جاں بحق ہو گئی۔
پولیس کے مطابق 45 سالہ فوزیہ زوجہ یونس اپنے اہل خانہ کے ساتھ موٹرسائیکل پر سفر کر رہی تھیں کہ اچانک چلتی موٹرسائیکل کی چین میں ان کا برقعہ لپٹ گیا، جس کے باعث وہ سڑک پر گر گئیں اور جانبر نہ ہو سکیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا، جہاں ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام حادثات کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
