(تکبیر نیوز —- لندن)
مغربی لندن کے بڑے ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہیمراسمتھ سوک کیمپس کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب اس کی مرکزی تعمیراتی کمپنی آرڈمور کنسٹرکشن گروپ انتظامی بحران کا شکار ہو کر دیوالیہ پن کے عمل میں داخل ہو گئی، تاہم مقامی کونسل نے واضح کیا ہے کہ منصوبے کی تکمیل متاثر نہیں ہوگی اور کام مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔
ہیمراسمتھ اینڈ فُلہم کونسل کے مطابق آرڈمور کنسٹرکشن گروپ کے مالی مسائل کے باوجود سوک کیمپس منصوبہ رواں موسم گرما میں مکمل کر لیا جائے گا۔ کونسل نے اس حوالے سے متبادل انتظامات پہلے ہی تیار کر رکھے تھے جس کی وجہ سے تعمیراتی کام میں کسی بڑی رکاوٹ کا خدشہ نہیں۔
یہ منصوبہ مغربی لندن کے اہم ترین شہری ترقیاتی منصوبوں میں شمار ہوتا ہے جس میں گریڈ ٹو لسٹڈ تاریخی ٹاؤن ہال کی تزئین و آرائش، 200 سے زائد نئے گھروں کی تعمیر، کاروباری مراکز، ثقافتی مقامات، دفاتر، ریستوران اور کمیونٹی سہولیات شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق آرڈمور کنسٹرکشن گروپ کے دیوالیہ ہونے سے لندن بھر کے کم از کم 10 بڑے ترقیاتی منصوبے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں کنگز کراس، ویسٹ منسٹر، کنسنگٹن، شورڈچ، نیوہیم اور ہیکنی کے متعدد بڑے منصوبے شامل ہیں۔
تعمیراتی شعبے سے وابستہ ذرائع کے مطابق کمپنی کو ماضی کے رہائشی منصوبوں سے متعلق قانونی ذمہ داریوں اور مالی دباؤ کا سامنا تھا، جس کے باعث نئے منصوبے حاصل کرنے میں مشکلات پیش آئیں اور نقدی کا بحران پیدا ہو گیا۔
ہیمراسمتھ اینڈ فُلہم کونسل کے ترجمان نے کہا کہ سوک کیمپس منصوبہ اب آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور بیشتر کام سب کنٹریکٹرز کے ذریعے مکمل کیا جا رہا ہے، جن کے ساتھ کونسل براہ راست رابطے میں ہے۔
ترجمان کے مطابق منصوبے کا ایک بڑا حصہ پہلے ہی عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ 204 رہائشی یونٹس پر مشتمل رہائشی بلاک میں کئی خاندان منتقل ہو چکے ہیں جبکہ بحال شدہ ٹاؤن ہال میں کونسل کے اجلاس اور دیگر تقریبات کا انعقاد بھی شروع ہو چکا ہے۔
کونسل کا کہنا ہے کہ سوک کیمپس مکمل ہونے کے بعد برطانیہ کے نمایاں ترین ثقافتی، کاروباری، سرکاری اور کمیونٹی مراکز میں شامل ہوگا، جو مقامی معیشت کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ادھر آرڈمور کنسٹرکشن گروپ نے اپنے بیان میں کمپنی کی موجودہ صورتحال کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اب کاروبار کے باقی حصوں کو بچانے اور قانونی اپیل کے عمل کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے
