صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر چارسدہ میں شادی کا گھر ماتم کدہ بن گیا چھت گرنے سے 6 جاں بحق 5 زخمی ہو گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ چارسدہ کے علاقے شب قدر خیر آباد میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا۔ جہاں گھر کی چھت اچانک گر گئی۔
جس گھر کی چھت گری وہاں اپنے رشتے داروں کی شادی میں آنے والے خاندان کے افراد مقیم تھے۔ ملبے تلے دب کر 6 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ملبے سے لاشوں، زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق ملبے تلے دب کر جاں بحق چھ افراد میں خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے کے بعد شادی کا گھر ماتم کدہ بن گیا اور علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔
