برطانیہ: 17 سالہ لڑکی سے زیادتی، گلا دبانے اور قتل کی دھمکیاں دینے والے مجرم کو 15 سال 8 ماہ قید
تکبیر نیوز (شیفیلڈ): برطانیہ میں 17 سالہ لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے، اس کا گلا دبانے اور پولیس کو دی گئی شکایت واپس لینے کے لیے قتل کی دھمکیاں دینے والے 26 سالہ شخص کو عدالت نے 15 سال اور 8 ماہ قید کی سزا سنا دی۔
شیفیلڈ کراؤن کورٹ میں بتایا گیا کہ مجرم کیون چوٹو نے بارنسلے میں کم عمر لڑکی کو متعدد مرتبہ جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق وہ متاثرہ لڑکی کی زندگی پر کنٹرول قائم کرنے کی کوشش کرتا رہا اور اسے دوستوں اور اہل خانہ سے دور رکھنے کی بھی کوشش کی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ مجرم نے لڑکی کو جنسی زیادتی اور جنسی حملوں کا نشانہ بنانے کے دوران بعض مجرمانہ حرکات کی اپنے موبائل فون پر ویڈیوز بھی بنائیں۔
متاثرہ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ کیون چوٹو نے ایک موقع پر اس کا گلا بھی دبایا تھا۔
واقعے کی پولیس کو رپورٹ کرنے کے بعد ملزم نے متاثرہ لڑکی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینا شروع کردیں تاکہ وہ اپنی شکایت واپس لے لے۔ تاہم لڑکی نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس کو تمام واقعات سے آگاہ کیا۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے دوران کیون چوٹو نے اپنے خلاف عائد تمام الزامات کی تردید کی تھی۔
بعد ازاں ستمبر میں شیفیلڈ کراؤن کورٹ میں پیشی کے دوران اس نے دو مرتبہ زیادتی، گلا دبانے، متاثرہ لڑکی کو دھمکانے، بچے کی غیر اخلاقی تصاویر بنانے اور قتل کی دھمکی دینے سمیت چھ الزامات میں اعتراف جرم کرلیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ مجرم کا تعلق لیڈز کے علاقے دی ہیڈرو سے ہے۔
شیفیلڈ کراؤن کورٹ نے جمعہ 13 نومبر کو مقدمے کی سماعت کے بعد 26 سالہ کیون چوٹو کو مجموعی طور پر 15 سال اور 8 ماہ قید کی سزا سنادی۔
برطانوی قانون کے تحت جنسی جرائم سے متاثرہ لڑکی کی شناخت ظاہر نہیں کی جاسکتی، اس لیے اس کا نام خفیہ رکھا گیا ہے۔
