تکبیر نیوز (اسٹرلنگ): اسکاٹ لینڈ میں ایک ہلکا طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 16 سالہ لڑکا اور 80 سالہ شخص ہلاک ہوگئے۔
پولیس اسکاٹ لینڈ کے مطابق حادثہ جمعہ 16 اکتوبر 2026 کو شام تقریباً 4 بج کر 45 منٹ پر اسٹرلنگ کے علاقے ڈرائمن کے شمال مشرق میں پیش آیا۔
ایمرجنسی سروسز فوری طور پر موقع پر پہنچیں، تاہم طیارے میں موجود 16 سالہ لڑکے اور 80 سالہ شخص کو موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
طیارے نے گلاسگو سے پرواز کی تھی
گلاسگو ایئرپورٹ نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے ہلکے طیارے نے گلاسگو ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور دوستوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
حادثے کی تحقیقات شروع
پولیس اسکاٹ لینڈ نے کہا ہے کہ ایئر ایکسیڈنٹس انویسٹی گیشن برانچ کو واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور حادثے کے مکمل حالات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں ہلاک ہونے والوں کے قریبی اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔
علاقے کی فضائی حدود عارضی طور پر بند
حادثے کے بعد ڈرائمن کے علاقے میں عارضی فضائی پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں تاکہ تحقیقاتی ٹیمیں محفوظ ماحول میں اپنا کام مکمل کر سکیں۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ ان پابندیوں میں ڈرون اڑانا بھی شامل ہے۔
حکام نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ محدود فضائی حدود میں بغیر اجازت پرواز کرنا فوجداری جرم ہو سکتا ہے۔
