تکبیر نیوز (ایڈنبرا): اسکاٹ لینڈ میں 39 سالہ لی انگلس نے اپنی سابق ساتھی اسٹیسی ہوگ کے قتل کا جرم قبول کر لیا ہے، جبکہ عدالت کو بتایا گیا کہ حملہ اس وقت کیا گیا جب ملزم کو معلوم ہوا کہ خاتون نے نیا تعلق قائم کر لیا ہے۔
ہائی کورٹ ایڈنبرا کو بتایا گیا کہ 35 سالہ تین بچوں کی ماں اسٹیسی ہوگ کو رواں سال جون میں ہاوک میں ان کے گھر پر کچن کے چاقو سے حملہ کرکے قتل کیا گیا۔
استغاثہ کے مطابق یہ حملہ اس کے صرف ایک دن بعد ہوا جب اسٹیسی نے انگلس کو بتایا تھا کہ وہ کسی اور شخص سے تعلق میں ہیں۔
پہلے بھی حملے کا ریکارڈ
عدالت کو بتایا گیا کہ دونوں نومبر 2024 میں الگ ہوئے تھے۔ اس سے ایک ماہ قبل انگلس نے مبینہ طور پر اسٹیسی پر چاقو سے حملہ کیا تھا، جس میں اسے بعد میں سزا سنائی گئی تھی۔
اس مقدمے میں اسے کمیونٹی پے بیک آرڈر اور Restriction of Liberty Order دیا گیا تھا، جو قتل کے وقت بھی نافذ تھا۔
پراسیکیوٹر لیان کراس کے سی نے عدالت کو بتایا کہ انگلس نے اسٹیسی کو پہلے بھی دھمکی دی تھی کہ اگر وہ کسی اور کے ساتھ تعلق میں گئیں تو نتائج سنگین ہوں گے۔
“تمہیں مجھے نہیں بتانا چاہیے تھا”
عدالت کے مطابق اسٹیسی نے 24 جون کو انگلس کو بتایا کہ وہ کسی اور شخص کے ساتھ تعلق میں ہیں۔
استغاثہ نے کہا کہ اس کے بعد انگلس نے ٹیکسٹ پیغامات میں دھمکی آمیز اور توہین آمیز رویہ اختیار کیا، جن میں ایسے پیغامات بھی شامل تھے جن سے خطرے کا واضح تاثر ملتا تھا۔
خوف کے باعث اسٹیسی اپنی والدہ کے گھر چلی گئیں اور انگلس کے کرفیو کے شروع ہونے کا انتظار کیا، جس کے بعد وہ اپنے گھر واپس آئیں۔
صبح گھر پہنچ کر حملہ
عدالت کو بتایا گیا کہ اگلی صبح 7 بج کر 1 منٹ پر رنگ ڈور بیل میں انگلس کو اسٹیسی کے گھر کی سمت جاتے دیکھا گیا، جبکہ 7 بج کر 4 منٹ پر وہ سی سی ٹی وی میں وہاں پہنچتا دکھائی دیا۔
استغاثہ کے مطابق وہ پچھلے دروازے سے گھر میں داخل ہوا اور کچھ ہی دیر بعد اسٹیسی سے باتھ روم میں آمنا سامنا ہوا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ انگلس نے کچن کے چاقو سے خاتون کی گردن کے حصے پر متعدد وار کیے۔
999 کال میں چیخیں ریکارڈ
استغاثہ کے مطابق 7 بج کر 11 منٹ پر اسٹیسی نے 999 پر کال کی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ کال میں ان کی چیخیں سنائی دیتی ہیں اور وہ اپنے بچوں کے بارے میں پکارتی ہیں، جس کے بعد کال منقطع ہو گئی۔
بعد ازاں انگلس اپنے والدین کے گھر واپس گیا اور اپنی والدہ سے کہا کہ پولیس کو فون کریں کیونکہ اس نے اسٹیسی کو قتل کر دیا ہے۔
پولیس جب گھر پہنچی تو اسٹیسی خون میں لت پت حالت میں پائی گئیں۔ افسران نے سی پی آر شروع کیا، تاہم پیرامیڈکس کی کوششوں کے باوجود انہیں 7 بج کر 56 منٹ پر مردہ قرار دے دیا گیا۔
نیا تعلق “ٹرگر” ہونے کا اعتراف
عدالت کو بتایا گیا کہ اسی روز انگلس کا مکمل نفسیاتی معائنہ کیا گیا۔
استغاثہ کے مطابق اس نے بتایا کہ اسٹیسی کے نئے تعلق کے بارے میں جاننا اس کے لیے “ٹرگر” ثابت ہوا۔
عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ انگلس کے خلاف اسٹیسی سے متعلق 2021 کی دو سابقہ سزائیں بھی موجود تھیں، جبکہ اس کے دیگر حملوں کے مقدمات بھی ریکارڈ پر ہیں۔
پولیس کا خواتین سے اپیل
ڈیٹیکٹو انسپکٹر راس ڈوتھی نے کہا کہ اسٹیسی کے خاندان اور دوستوں کے ساتھ پولیس کی ہمدردیاں ہیں اور امید ہے کہ عدالتی کارروائی انہیں کسی حد تک سکون دے گی۔
انہوں نے انگلس کو پرتشدد اور خطرناک شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد سے نمٹنا پولیس کی ترجیح ہے۔
پولیس نے گھریلو تشدد کا سامنا کرنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ خاموش نہ رہیں اور مدد کے لیے سامنے آئیں۔
لی انگلس کو 5 نومبر کو ہائی کورٹ ایڈنبرا میں سزا سنائی جائے گی۔
