تکبیر نیوز (لیسٹر): برطانیہ میں جرائم پیشہ گروہوں کو ممنوعہ اسلحہ، گولیاں اور منشیات فراہم کرنے والے لیسٹر کے 49 سالہ امیت دیسائی کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) کے مطابق دیسائی منظم جرائم کے ایک ایسے نیٹ ورک کا حصہ تھا جو ملک کے مختلف حصوں میں اسلحہ اور منشیات پہنچاتا تھا۔
تحقیقات میں اس کے ساتھی ابراہیم عبداللہ، عمر 42 سال، کا نام بھی سامنے آیا، جو کرمپسال سے تعلق رکھتا ہے اور Dwaine George کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
پولیس کو دونوں کے خلاف شواہد EncroChat نامی خفیہ میسجنگ نیٹ ورک سے ملے، جسے 2020 میں بند کر دیا گیا تھا۔
اسلحہ کے خریدار تلاش کرنا اور نقد رقم وصول کرنا
NCA کے مطابق ابراہیم عبداللہ زیادہ تر خریدار تلاش کرتا تھا، جبکہ امیت دیسائی نقد رقم وصول کرتا اور بعض اوقات اسلحہ خود پہنچاتا تھا۔
عبداللہ EncroChat پر “Tenderpasta” جبکہ دیسائی “Brixonlease” کے نام سے سرگرم تھا۔
تحقیقات کے مطابق دونوں نے Slovakian ساختہ Grand Power G9A blank-firing pistols حاصل کیے تھے، جنہیں بعد میں ممنوعہ فائرنگ کے قابل ہتھیاروں میں تبدیل کیا گیا تھا۔
پیغامات سے معلوم ہوا کہ ان ہتھیاروں کی قیمت ہزاروں پاؤنڈ میں طے کی جاتی تھی۔
برائٹن کے قریب دو پستول اور 100 گولیاں فروخت
NCA کے مطابق مارچ 2020 میں دیسائی برائٹن کے قریب ایک مقام پر گیا، جہاں اس نے دو آتشیں ہتھیار اور تقریباً 100 راؤنڈ گولیاں فروخت کیں۔
اسی عرصے میں اس نے اسلحہ خریدنے کے لیے پیشگی ادائیگی کے طور پر عبداللہ کو آدھا کلو کوکین بھی فراہم کی، جبکہ مزید 500 گرام کوکین اپنے پاس رکھی تاکہ باقی رقم کا بندوبست کیا جا سکے۔
دیسائی نے عبداللہ کو بھنگ فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی تھی۔
مزید ہتھیار بھی حاصل کیے گئے
اگلے ماہ عبداللہ نے مزید دو پستول حاصل کیے، جن میں سے ایک دیسائی نے تھیل وال نیو روڈ، گریپن ہال، وارنگٹن میں ایک کنوینینس اسٹور کی کار پارک سے وصول کیا۔
عبداللہ کو اس سے قبل مارچ 2022 میں کلاس اے منشیات درآمد کرنے کی سازش کے جرم میں 12 سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔
گرفتاری کے وقت نقد رقم اور کوکین برآمد
NCA کے مطابق دیسائی کو اسٹافورڈشائر پولیس نے A500 پر اسٹوک آن ٹرینٹ میں گرفتار کیا۔
افسران کو اس کی گاڑی سے £2,870 نقد رقم اور ایک چھوٹا سیاہ بیگ ملا جس میں کوکین تھی اور اسے گاڑی کے فیول کیپ کے اندر چھپایا گیا تھا۔
عبداللہ کو بھی مارچ 2021 میں فائر آرمز کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس نے ابتدا میں گاڑی روکنے کے حکم کے باوجود فرار ہونے کی کوشش کی، جس کے بعد روڈ اور پیدل تعاقب کے بعد اسے مانچسٹر کی ایک گلی سے گرفتار کیا گیا۔
عدالت میں جرم قبول
عبداللہ نے اکتوبر 2023 میں مانچسٹر کراؤن کورٹ میں دو فائر آرمز جرائم کا اعتراف کیا تھا۔
امیت دیسائی نے بھی جون میں عدالت میں کوکین سپلائی کرنے کے ایک الزام اور ممنوعہ اسلحہ منتقل کرنے کی سازش کے دو الزامات قبول کیے، جبکہ اس نے ایک سابق سماعت میں بھنگ سپلائی کرنے کا جرم بھی تسلیم کیا تھا۔
اسے 8 اکتوبر کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
NCA کی برانچ کمانڈر کیٹ میک ہیو نے کہا کہ دونوں افراد نے مہلک ہتھیاروں کی خرید و فروخت میں عوام کی سلامتی کو مکمل طور پر نظرانداز کیا اور ان کا بنیادی مقصد مالی فائدہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس سے منشیات اور اسلحہ کے جرائم کے درمیان قریبی تعلق بھی واضح ہوتا ہے۔
