ہائٹاؤن (تکبیر نیوز) مرسی سائیڈ کے علاقے ہائٹاؤن میں ریتیلے ٹیلوں پر بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی متعدد ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی کارروائی کے بعد آگ پر قابو پالیا، تاہم فائر فائٹرز رات بھر متاثرہ علاقے کی نگرانی اور کولنگ کے عمل میں مصروف رہے۔
مرسی سائیڈ فائر اینڈ ریسکیو سروس کے مطابق آگ تھورن بیک ایونیو، ہائٹاؤن کے قریب لگی، جہاں واقعے کی شدت کے پیش نظر تین فائر انجنز کو روانہ کیا گیا۔
فائر فائٹرز نے دو ہائی پریشر ہوز ریل جیٹس اور خصوصی آلات کی مدد سے آگ بجھانے کی کارروائی کی۔
حکام کے مطابق آگ پر رات 10 بج کر 44 منٹ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا۔
آگ بجھانے کے بعد بھی فائر اینڈ ریسکیو سروس اور ریلیف ٹیمیں پوری رات متاثرہ علاقے میں موجود رہیں اور دوبارہ آگ بھڑکنے کے خطرے کے پیش نظر زمین کو ٹھنڈا کرنے اور ہاٹ اسپاٹس کی نگرانی کا عمل جاری رکھا۔
بدھ 15 جولائی کی صبح بھی فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر موجود تھے۔
اسی دوران اینٹری کے علاقے میں مونٹگمری روڈ کے قریب لوپ لائن سائیکل ٹریک پر بھی آگ لگنے کا ایک الگ واقعہ پیش آیا۔
فائر سروس کو تقریباً رات 8 بج کر 20 منٹ پر آگ کی اطلاع دی گئی۔
حکام کے مطابق آگ کے باعث بڑی مقدار میں دھواں پیدا ہوا، جس پر قریبی رہائشیوں کو احتیاطاً اپنے گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں دھوئیں کے بڑے بادل فضا میں بلند ہوتے دکھائی دیے۔
فائر سروس کے مطابق لوپ لائن سائیکل ٹریک پر لگنے والی آگ پر رات 9 بج کر 15 منٹ تک قابو پالیا گیا، تاہم فائر ٹیمیں علاقے میں موجود رہیں اور ممکنہ ہاٹ اسپاٹس کی جانچ اور کولنگ کا عمل جاری رکھا۔
یہ دونوں واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب حالیہ دنوں کے دوران برطانیہ کے مختلف علاقوں میں گرم اور خشک موسم کے باعث جنگلات، گھاس اور کھلے علاقوں میں آگ لگنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
