(تکبیر نیوز—- برطانیہ، برمنگھم)
برمنگھم میں آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں کرکٹ شائقین کا جوش و خروش بڑھ گیا ہے، جبکہ ٹورنامنٹ کے آغاز کی تیاریاں بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔
ٹرافی نے ٹورنامنٹ سے قبل برمنگھم کا دورہ کیا جہاں شہریوں اور کھیلوں کے مداحوں نے اس کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر شہر بھر میں ویمنز کرکٹ کے عالمی ایونٹ کے حوالے سے خاصی دلچسپی دیکھی گئی۔

ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 12 جون کو برمنگھم کے معروف ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا، جہاں افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران دنیا بھر سے ٹیمیں، شائقین اور مہمان برمنگھم کا رخ کریں گے، جس سے شہر میں کھیلوں کا منفرد ماحول پیدا ہوگا۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ نہ صرف عالمی معیار کی کرکٹ کو فروغ دے گا بلکہ خواتین کے کھیلوں کی حوصلہ افزائی اور برمنگھم کی بین الاقوامی سطح پر تشہیر کا بھی بہترین موقع ثابت ہوگا۔

کرکٹ شائقین کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اس عالمی ایونٹ کا حصہ بنیں اور خواتین کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کیلئے اسٹیڈیم کا رخ کریں۔
