(تکبیر نیوز—- پاکستان، اسلام آباد) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پر جیل میں تشدد کیا جا رہا ہے اور ان کی ایک آنکھ ضائع ہو چکی ہے۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایک ہزار دن سے جیل میں ہیں جبکہ ان کے بنیادی آئینی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے جبکہ توشہ خانہ سمیت دیگر مقدمات بھی من گھڑت ہیں۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ یہ تمام مقدمات سرکاری گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں اور وکالت ناموں پر دستخط کرانے پر پابندی عائد ہے جبکہ عدالتی احکامات کے باوجود خاندان کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں لیکن اس کے باوجود جیل میں سخت پابندیاں برقرار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں متعدد درخواستیں دائر کی گئیں مگر شنوائی نہیں ہو رہی جبکہ عدالتی فیصلوں پر بھی عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ “ہم تمام قانونی راستے اختیار کر چکے ہیں، اب ہم اپنا مقدمہ پاکستانی عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں۔”
انہوں نے ملک کی مجموعی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیشت تباہ ہو چکی ہے، خیبر پختون خوا میں خونریزی جاری ہے اور ملک کو استحکام کی ضرورت ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ “سڑکوں پر آنے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا۔”
