(تکبیر نیوز—- برطانیہ، پریسٹن) برطانیہ میں 13 ماہ کے بچے پریسٹن ڈیوی کی ہلاکت کے مقدمے میں گود لینے والے دونوں افراد دوبارہ عدالت میں پیش ہوگئے جہاں ان پر قتل، بچوں پر تشدد اور جنسی زیادتی سمیت متعدد سنگین الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔
پریسٹن کراؤن کورٹ میں جاری مقدمے کے مطابق 37 سالہ جیمی وارلے اور 32 سالہ جان میکگوون فازیکرلی اس بچے کو گود لینے کے عمل میں تھے جبکہ بچہ ان کی نگرانی میں “ایلیجا” کے نام سے جانا جاتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق بچہ 27 جولائی 2023 کو شام 7 بج کر 15 منٹ پر بلیک پول وکٹوریہ اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد دم توڑ گیا تھا۔
استغاثہ کے مطابق جیمی وارلے پر قتل، 13 سال سے کم عمر بچے سے جنسی زیادتی، شدید جسمانی تشدد، بچوں پر ظلم کے پانچ الزامات اور نازیبا تصاویر بنانے، رکھنے اور تقسیم کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب جان میکگوون فازیکرلی پر بچے کی موت کا سبب بننے یا اسے روکنے میں ناکامی، بچوں پر ظلم کے دو الزامات اور کم عمر بچے سے جنسی زیادتی کے الزامات عائد ہیں۔
عدالت میں دونوں ملزمان نے اپنے خلاف لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کر دی ہے۔
دونوں افراد بلیک پول کے علاقے اسٹیننگ ایونیو کے رہائشی ہیں جبکہ مقدمے کی سماعت تقریباً چھ ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس مقدمے نے برطانیہ بھر میں بچوں کے تحفظ، فوسٹر کیئر اور گود لینے کے نظام سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے جبکہ عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
