(تکبیر نیوز—- برطانیہ، لندن) برطانیہ میں بلدیاتی اور میئر انتخابات کے دوران ووٹرز کو ایک بار پھر سخت شناختی قوانین کا سامنا ہے، جہاں واضح کر دیا گیا ہے کہ درست فوٹو شناختی دستاویز کے بغیر کسی بھی شخص کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
الیکشن حکام کے مطابق انگلینڈ بھر میں آج ہونے والے انتخابات کیلئے پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کو اصل فوٹو آئی ڈی دکھانا لازمی ہوگا، جبکہ موبائل فون میں موجود تصویر، فوٹو کاپی یا غیر منظور شدہ کارڈ قبول نہیں کیے جائیں گے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ ووٹر آئی ڈی قانون نافذ ہونے کے بعد ہزاروں افراد غلط شناختی دستاویزات لانے کے باعث ووٹ ڈالنے سے محروم ہو چکے ہیں، اس لیے شہری پولنگ اسٹیشن جانے سے پہلے اپنی دستاویزات ضرور چیک کر لیں۔
قابل قبول شناختی دستاویزات میں پاسپورٹ، برطانوی یا یورپی ڈرائیونگ لائسنس، قومی شناختی کارڈ، 60 پلس ٹریول کارڈ، فریڈم پاس، بلیو بیج، بائیومیٹرک امیگریشن دستاویز اور ووٹر اتھارٹی سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔ حکام کے مطابق میعاد ختم ہونے والی شناخت بھی استعمال کی جا سکتی ہے بشرطیکہ تصویر واضح طور پر اسی شخص کی ہو۔
دوسری جانب طلبہ کے کارڈ، ملازمین کے آفس کارڈ، این ایچ ایس اسٹاف کارڈ، عام بس پاس، بینک کارڈز اور موبائل فون میں رکھی گئی دستاویزات کی تصاویر ووٹنگ کیلئے قابل قبول نہیں ہوں گی۔
الیکشن کمیشن نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مذہبی یا طبی وجوہات کی بنا پر چہرہ ڈھانپنے والے افراد اگر رازداری چاہتے ہوں تو وہ الگ جگہ پر شناخت کی تصدیق کی درخواست کر سکتے ہیں۔
برطانیہ بھر میں پولنگ اسٹیشنز صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔
