(تکبیر نیوز—- برطانیہ، برمنگھم) برمنگھم میں معروف کامیڈین کے شو کے دوران اچانک ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی، مشکوک بیگ کی اطلاع پر پورا ہال خالی کرا لیا گیا جبکہ ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق Utilita Arena Birmingham میں کامیڈین Peter Kay اپنی پرفارمنس دے رہے تھے کہ اچانک شو روک دیا گیا اور حاضرین کو فوری طور پر باہر نکال لیا گیا۔
West Midlands Police کے مطابق ایک مشکوک بیگ ملنے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت ایرینا کو خالی کرایا گیا جبکہ 19 سالہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، تاہم اس کی گرفتاری کی وجوہات فوری طور پر واضح نہیں کی گئیں۔
ایرینا انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور مقام کو محفوظ قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ ٹکٹ ہولڈرز سے جلد براہ راست رابطہ کیا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور مزید معلومات جلد فراہم کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ پیٹر کے کی اسی مقام پر اگلے روز بھی پرفارمنس شیڈول ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی سامنے نہیں آیا۔
