(تکبیر نیوز)— رپورٹ: ماجد خان
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس آزاد خان کی ہدایت پر 02 تا 08 فروری 2026 تک کراچی میں جاری پولیو مہم کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق پولیو مہم کے دوران ٹیموں اور ورکرز کے تحفظ کے لیے مجموعی طور پر 7 ہزار 703 پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جن میں لیڈی پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ تعیناتی کے تحت ایسٹ زون سے 2 ہزار 724، ویسٹ زون سے 2 ہزار 908 اور ساؤتھ زون سے 2 ہزار 71 پولیس اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔
پولیس چیف نے تمام زونل افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ سیکیورٹی انتظامات کی براہِ راست نگرانی کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گشت کے نظام کو مؤثر بنانے اور حساس علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیو مہم کی کامیابی اور بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے ذریعے پولیو ٹیموں کو بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
