تکبیر نیوز (لندن): شمالی لندن میں برینٹ کونسل کے تاریخی نارتھ وک پارک اور گالف کورس کی اراضی کے مالکانہ حقوق فروخت کرنے کے منصوبے کو شہریوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کی شدید مخالفت کے بعد نظرثانی کے لیے واپس بھیج دیا گیا ہے۔ مقامی رہائشیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اراضی کی فروخت مستقبل میں رہائشی منصوبوں کی تعمیر اور سرسبز عوامی مقامات کے خاتمے کا سبب بن سکتی ہے۔
برینٹ کونسل کی لیبر پارٹی کی انتظامیہ نے اکتوبر 2026 میں اراضی کے مستقل مالکانہ حقوق فروخت کرنے کے منصوبے کی منظوری دی تھی، تاہم مختلف سیاسی جماعتوں کے کونسلرز نے اس فیصلے کو چیلنج کر دیا۔ پیر 23 نومبر کو کونسل کی ریسورسز اینڈ پبلک ریلم اسکروٹنی کمیٹی کے اجلاس میں معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
42 ایکڑ پر مشتمل مذکورہ اراضی اس وقت پلے گالف نارتھ وک پارک لمیٹڈ کے پاس 99 سالہ لیز پر ہے۔ کونسل کو اس اراضی سے سالانہ دسیوں ہزار پاؤنڈ کرایے کی مد میں حاصل ہوتے ہیں، جبکہ فروخت کے منصوبے پر عوامی مشاورت کے دوران سینکڑوں اعتراضات موصول ہوئے۔
گرین پارٹی کے کونسلر کیتھ پیرن نے اجلاس میں کہا کہ مقامی آبادی کی بڑی تعداد اس عوامی مقام کی فروخت کے خلاف ہے۔ ان کے مطابق یہ اراضی 1913 میں عوامی چندے سے خریدی گئی تھی تاکہ اسے تعمیراتی منصوبوں سے محفوظ رکھا جا سکے، جبکہ 1930 کی دہائی سے مقامی شہری اس مقام کو تفریح اور چہل قدمی کے لیے استعمال کرتے آ رہے ہیں۔
کیتھ پیرن نے 2002 کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے زمین کی ممکنہ آلودگی کے حوالے سے بھی خدشات کا اظہار کیا۔ لبرل ڈیموکریٹ کونسلر پال لوربر نے کہا کہ اگر فروخت کے بعد زمین آلودہ پائی گئی تو کونسل کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔ تاہم برینٹ کونسل نے زمین کے آلودہ ہونے کی تردید کی ہے۔
لبرل ڈیموکریٹ گروپ کے سربراہ کونسلر اینٹن جارجیو نے کہا کہ نارتھ وک پارک مقامی آبادی کا ایک اہم اثاثہ ہے اور اس کی فروخت سے متعدد خدشات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کونسل سے مطالبہ کیا کہ مالی اور ماحولیاتی تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے فروخت کا منصوبہ ختم کیا جائے۔
کنزرویٹو گروپ کے سربراہ کونسلر سریش کانساگرا نے بھی منصوبے کے مالی معاملات اور محفوظ سرسبز اراضی کے مستقبل کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب کونسل کے کارپوریٹ ڈائریکٹر جہان ویراسنگھے نے مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ اراضی کو میٹروپولیٹن اوپن لینڈ کی حیثیت سے حاصل قانونی تحفظات اس کی ملکیت تبدیل ہونے سے ختم نہیں ہوں گے۔
اجلاس کے اختتام پر کمیٹی نے دو کے مقابلے میں چھ ووٹوں سے اراضی کی فروخت کا فیصلہ نظرثانی کے لیے متعلقہ افسر کو واپس بھیجنے کی منظوری دے دی۔
نارتھ وک پارک کی فروخت کا منصوبہ تاحال مکمل طور پر منسوخ نہیں ہوا، تاہم کمیٹی کے فیصلے کے بعد اس معاملے پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔
